بھیونڈی ( شارف انصاری ):- بھیونڈی نظام پور سٹی میونسپل کارپوریشن کے نو تعینات کمشنر انمول ساگر نے آج میونسپل کارپوریشن ہیڈ کوارٹر پہنچ کر چارج سنبھال لیا۔ جہاں ایڈیشنل کمشنر دیوی داس پوار اور وٹھل ڈاکے نے ان کا استقبال کیا۔ کمشنر نے تمام محکموں کے سربراہوں اور کنٹرول افسران کے ساتھ میٹنگ بھی کی۔ اس میٹنگ میں کمشنر نے پہلے تمام افسران کا تعارف لیا اور پھر اپنا تعارف کروایا۔اس موقع پر کمشنر انمول ساگر نے کہا کہ اب سے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا اور عوام کے ذہنوں میں میونسپل کارپوریشن کی اچھی اور مثبت شبیہ بنانا ہوگی۔ اب سے ہر ملازم/افسر کو اپنے کام میں نظم و ضبط اور ایمانداری پر عمل کرنا ہو گا۔ یہ بھی ضروری ہے کہ مستقبل میں کیا جانے والا کام وقت پر اور معیار کے ساتھ کیا جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ کسی بھی ملازم کی طرف سے کام کے معیار میں جان بوجھ کر غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ نیز میونسپل کارپوریشن کی مالیاتی آمدنی میں اضافہ اور 100% ٹیکس وصولی کو یقینی بنانے پر توجہ دینے کا مشورہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن کے پیسوں کا ضیاع کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا۔
کمشنر انمول ساگر نے کہا کہ کسی بھی کام کو لے کر مختلف محکموں میں پیدا ہونے والے ابہام یا کام کس کو کرنا چاہیے اس الجھن کو دور کرتے ہوئے یکسانیت لانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اب سے ہر محکمے کو اپنے معمول کے کام کے ساتھ جدید پراجیکٹ پیش کرنا ہوں گے۔ اس پر تبادلہ خیال کرکے کام مکمل کیا جائے گا۔ مزید یہ کہ میرا کام کرنے کا طریقہ یہ ہے کہ میں جو بھی کام تفویض کرتا ہوں، جب تک وہ مکمل نہ ہو جائے مسلسل کرتا رہتا ہوں۔ ہر محکمے کو اپنے محکمے کے فوری مسائل اور طویل مدتی مسائل (اگر کوئی ہیں) پیش کرنا چاہیے۔ یہ کوئی نہ کوئی راستہ نکال کر حل ہو جائیں گے۔ نیز ہر محکمہ کی طرف سے کئے گئے یا تجویز کردہ اچھے کاموں کی فوری نشاندہی کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ کمشنر نے وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی افسر جان بوجھ کر کوئی کام کرنے سے گریز کرے گا تو اسے کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔ کمشنر نے اچھے کام کرنے والے افسران کی حوصلہ افزائی اور تعریف کرنے اور ہمیشہ ان کا ساتھ دینے کا یقین دلایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کمشنر ہفتے میں پانچ دن شہریوں کے لیے کل وقتی دستیاب ہوں گے۔