ع “ہوتے ہیں بہت رنج مسافر کو سفر میں”

0
81

تمام تعریفیں خدائے محمد و آلِ محمد علیہم السّلام کے لئے کہ جس نے ہمیں سر چشمۂ عصمت و طہارت سے بقدر ظرف فیضیاب ہونے کا شرف عظیم عنایت فرمایا۔
الحمد للہ بزم سلام نجف کی جانب سے منعقد ہونے والی تیسری طرحی بزم مسالمہ بسلسلۂ شہادت امام علی نقی علیہ السلام بتاریخ 4 جنوری 2025ء مطابق 3 رجب الاصب 1446ھ بروز شنبہ بطریق احسن پایۂ تکمیل تک پہنچی۔ جس میں بطور مصرعۂ طرح خدائے سخن سرکار میر ببر علی انیس (رح) کے کلام کا مندرجہ ذیل مصرع منتخب کیا گیا۔
ع “ہوتے ہیں بہت رنج مسافر کو سفر میں”
بزم مسالمہ کی نظامت کی عظیم ذمہ داری ہمیشہ کی طرح عالی جناب مولانا ابو ثمامہ صاحب کے شانوں پہ تھی ۔
بزم کی ابتداء حدیث کساء سے کی گئی جس کی تلاوت کا شرف عالی جناب مولانا مہدی اعظمی صاحب کو نصیب ہوا۔ اس کے بعد عالی جناب مولانا سید زیدی صاحب نے نعت خوانی کے فرائض بحسن وخوبی انجام دیئے ۔
ما شاء اللہ اس بزم مسالمہ میں تقریباً (12) شعراء کرام نے طبع آزمائی فرمائی ، تمام شعراء کرام کے کلام سے منتخب کردہ ایک ایک شعر مندرجہ ذیل پیش خدمت ہے :

١/ ہر بیت پہ اک بیت ملے گا یہ سنا ہے
سوچا ہے قدم رکھ دوں میں مدحت کے نگر میں
(مولانا مہدی اعظمی صاحب)

٢/ نیچا سا نظر آتا ہے یہ عرش معلیٰ
اتنی تھی بلندی مرے نیزے کے سفر میں
(مولانا حیدر چتوڑوی صاحب)

٣/ زنداں میں تھا کچھ ایسا تکالیف کا عالم
مولا پہ ستم ہوتے تھے ہر ایک پہر میں
(مولانا شہزاد پھندیڑی صاحب)

٤/ کیوں قیدی بناتا ہے نقیؑ کو ائے ستم گر
تو لڑکے دکھا شیر سے گر دم ہے جگر میں
(مولانا گلریز کلکتوی صاحب)

٥/ سیماب کا منظر ہے وہ روضے پہ تمہارے
اتنی تو چمک دیکھی نہیں لعل و گہر میں
(مولانا عالم الہ آبادی صاحب)

٦/ باریکی ہو،گہرائی ہو جتنی بھی نظر میں
اک داغ نہیں پاؤ گے عصمت کے گہر میں
(مولانا اختر شوکتی صاحب)

٧/ جب دل نہیں لگتا ہے حسیں خلد کے اندر
آتے ہیں ملک حیدر کرار کے گھر میں
(مولانا حیدر زینبی صاحب)

٨/ واقف نہ تھے قفلِ درِ ظلمت کے دریچے
مفتاح اٹھا لائے گا حر عین سحر میں
(مولانا شمسی خان صاحب)

٩/ غاصب سے بھی،مغصوب سے بھی دعویٔ الفت
اے شیخ ذرا فرق تو کر عیب و ہنر میں
(مولانا ارشاد فیضی صاحب)

١٠/ جو بات ہو مشہور وہ تحقیق طلب ہے
لازم نہیں سچ بات ہمیشہ ہو خبر میں
(مولانا علی کبیر صاحب)

١١/ دل ہوتا ہے یوں عصمت حیدر سے منور
سورج کی ضیا جیسے اترتی ہے قمر میں
(مولانا رضوان معروفی صاحب)

١٢/ اپنا تو امامت پہ عقیدہ ہے یقینی
دنیا ہے پھنسی اب بھی اگر اور مگر میں
(مولانا ابوذر خرم آبادی صاحب)

راقم الحروف بحیثیت خادم بزم سلام نجف فرداً فرداً تمام شعراء و حاضرین کی خدمت عالیہ میں حرف تشکر پیش کرتا ہے اور امیدوار ہے کہ آپ تمامی احباب یونہی ہمارے ہمراہ شانہ بہ شانہ رہیں گے ۔
آخر میں بارگاہ احدیت میں دعا گو ہیں کہ خداوند متعال بطفیل محمد و آلِ محمد علیہم السّلام تمام لوگوں کی خدمات اپنی بارگاہ عظمت پناہ میں قبول فرمائے ۔

فقط و السلام
مولانا ظہیر الہ آبادی

بزم سلام نجف

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here