ممبئی( اسٹاف رپورٹر): آنجہانی وزیر اعظم بھارت رتن راجیو گاندھی ممبئی میں پیدا ہوئے تھے اور 20 اگست کو ان کی یوم پیدائش پر ممبئی میں ایک عظیم الشان پروگرام منعقد ہونے جا رہا ہے۔ کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے، لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کے ساتھ ملک بھر سے پارٹی کے سینئر لیڈران اس پروگرام میں شرکت کریں گے۔ این سی پی کے صدر ایم پی شرد پوار اور شیوسینا کے سربراہ ادھو ٹھاکرے بھی اس تقریب میں شریک ہوں گے۔ یہ اطلاع ریاستی کانگریس کے انچارج رمیش چننیتھلا نے دی ہے۔ممبئی کے ہوٹل لیلا میں پارٹی کے سینئر لیڈروں کی میٹنگ کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے رمیش چنیتھلا نے کہا کہ آج کی میٹنگ میں سیٹ الاٹمنٹ پر بات نہیں ہوئی ہے۔ 7 تاریخ کو ہونے والی میٹنگ میں اس پر بات ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ایم وی اے میں شامل تمام پارٹیاں الیکشن میں اکثریت حاصل کریں گی اور ریاست میں آئندہ ایم وی اے کی حکومت قائم ہوگی۔ لوک سبھا انتخابات میں ایم وی اے نے جس بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، وہی اسمبلی میں بھی دہرائی جائے گی۔اس موقع پر کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے نے کہا کہ ایم وی اے مہاراشٹر کے وقار کے تحفظ کی کوشش کر رہی ہیں۔ ’مہا بھرشٹ یوتی‘ حکومت نے ریاست کے وقار کو خاک میں ملا دیا ہے۔ اس حکومت نے ریاست کے وقار کو گجرات کے ہاتھوں میں فروخت کر دیا ہے۔ مہاراشٹر کی لوٹ سورت کو دیا جا رہا ہے۔ نانا پٹولے نے کہا کہ ریاست کی بدعنوان مہایوتی حکومت کے خلاف چارج شیٹ جاری کرکے ریاست کے ہر شخص تک پہنچائی جائے گی۔ راجیو گاندھی کے یوم پیدائش کے دن اسمبلی کی انتخابی مہم کی شروعات کی جائے گی۔نانا پٹولے نے صحافیوں سے کہا کہ لاڈلی بہین یوجنا سے کانگریس کی کوئی مخالفت نہیں ہے۔ بی جے پی اور حکمراں پارٹی میں جو لوگ کانگریس کے خلاف اس طرح کا پروپیگنڈہ کر رہے ہیں وہ دراصل اسمبلی میں ہونے والی اپنی یقینی شکست سے خوفزدہ ہیں۔ کانگریس کا ہائی کورٹ میں دائر عرضی سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ تلنگانہ، کرناٹک میں کانگریس حکومت نے خواتین کے لیے مہالکشمی یوجنا شروع کی ہے، سنجے گاندھی نیرادھر یوجنا کئی سالوں سے چل رہی ہے۔ مہایوتی حکومت نے کانگریس کے منصوبوں کی نقل کی ہے۔ مہایوتی حکومت خواتین کو صرف 1500 روپے دینے جا رہی ہے لیکن اگر کانگریس اقتدار میں آئی تو خواتین کو لاکھوں دیے جائیں گے۔جیل میں قید سچن وازے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے نانا پٹولے نے کہا کہ وزیر داخلہ فڑنویس کہتے ہیں کہ ان کے پاس ویڈیوز اور آڈیوز ہیں، وازے کہتے ہیں کہ فڑنویس کو معلومات دی جاتی ہیں لیکن فڑنویس کہتے ہیں کہ مجھے کوئی پیپر نہیں دیا ہے۔ سوال یہ ہے کہ ایک قیدی میڈیا سے کیسے بات کر سکتا ہے؟ کانگریس اس مسئلہ پر زیادہ بات کرنے کی ضرورت محسوس نہیں کرتی ہے۔اس میٹنگ میں لیجسلیچر پارٹی لیڈر بالاصاحب تھورات، سابق وزیر اعلیٰ پرتھوی راج چوہان، اسمبلی میں گروپ لیڈر ستیج بنٹی پاٹل، سابق وزیر ڈاکٹر نتن راوت، ریاستی ورکنگ صدر نسیم خان، ممبئی کانگریس کی صدر ایم پی ورشا گائیکواڑ، ایم ایل اے بھائی جگتاپ، سابق وزیر اسلم شیخ، ریاستی نائب صدر نانا گاوندے وغیرہ موجود تھے۔