سرکاری اسپتالوں میں مرنے والوں کے لواحقین کو ۱۰؍ لاکھ روپے دیاجائے۔ اموات پر کانگریس کے وفد کا گورنر سے ملاقات

0
2

ممبئی:ریاست کے سرکاری اسپتالوں میں نوزائد بچوں سمیت تقریباً 100/لوگوں کی موت ہوچکی ہے۔ یہ اموات حکومت کی بے حسی اور طبی سہولیات کے فقدان کی وجہ سے ہو رہی ہیں لیکن حکومت اس معاملے میں ذرا بھی سنجیدہ نظر نہیں آرہی ہے۔ مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے نے مطالبہ کیا ہے کہ ریاستی حکومت سرکاری اسپتالوں میں مرنے والوں کے لواحقین کو فوری طور پر 10 لاکھ روپے کی امداد فراہم کرے۔کانگریسی لیڈران کے ایک وفد نے کل ریاست کے گورنر رمیش بیس سے ملاقات کی اورسرکاری اسپتال میں ہونے والی اموات سے متعلق ایک میمورنڈم پیش کیا۔ اس وفد میں اپوزیشن لیڈر وجے ودیٹی وار، سابق وزیر اور ریاستی ایگزیکٹو صدر نسیم خان، سی ڈبلیو سی کے رکن چندرکانت ہنڈورے، سابق ایم پی حسین دلوائی، ممبئی کانگریس کی صدر اور سابق وزیر ورشا گائیکواڑ، سابق وزیر اسلم شیخ، ایم ایل اے بھائی جگتاپ، امین پٹیل، ممبئی یوتھ کانگریس کے صدر اور ایم ایل اے ذیشان صدیقی، ریاستی جنرل سکریٹری سچن ساونت، ڈاکٹر راجو واگھمارے، سنجے لاکھے پاٹل اور دیگر کئی لیڈران شامل تھے۔اس ضمن میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے نے کہا کہ مہاراشٹر کے سرکاری اسپتالوں میں اموات کا سلسلہ جاری ہے۔ اس کی شروعات وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے کے آبائی ضلع تھانے کے کلوا اسپتال سے ہوئی۔ہسپتالوں میں ادویات کی عدم دستیابی کے علاوہ یہ اموات ڈاکٹروں اور طبی عملے کی کمی کے باعث بھی ہو رہی ہیں۔ ریاستی محکمہ صحت کے مطابق ناندیڑ کے سرکاری اسپتال کے آئی سی یو میں 72 نوزائیدہ بچے تھے اور ان کی دیکھ بھال کے لیے صرف تین نرسیں تھیں۔ کانگریس کے ریاستی صدر نے کہا کہ ریاستی حکومت محکمہ صحت میں خالی آسامیوں پر اہل ملازمین کی بھرتی نہیں کر رہی ہے۔ بجٹ اجلاس میں حکومت نے 13 ہزار کروڑ روپے کا خسارہ ظاہر کیا تھا، جب کہ مانسون سیشن میں 40 ہزار کروڑ روپے کے سپلیمنٹری مطالبات کو منظوری دی گئی۔ پٹولے نے جارحانہ انداز میں سوال کیا کہ اگر حکومت لوگوں کو صحت کی خدمات اور تعلیم نہیں دے سکتی توآخریہ پیسہ کہاں جاتا ہے؟نانا پٹولے نے کہا کہ ریاست کی ای ڈی اے حکومت دیوالیہ ہو چکی ہے۔ عوام کی محنت کی کمائی سے جو پیسہ سرکاری خزانے میں جمع ہو رہا ہے وہ صرف تشہیر وترسیل پر خرچ ہو رہا ہے۔ نانا نے سخت لہجے میں کہا کہ اس حکومت کے ہاتھ عام لوگوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔ اس نے سرکاری اسپتال میں عام لوگوں کوقتل کیا ہے۔ پٹولے نے کہا کہ ہم لوگوں نے گورنر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس بہری، بدعنوان، لٹیرے، کسان مخالف، نوجوانوں اور غریب مخالف اس حکومت کے خلاف کارروائی کریں اور عوام کو انصاف کے ساتھ انصاف کریں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here