ہمارے فیصلے کو آپ کی حمایت درکارہے: سنیل تٹکرے
ناگپور: اقلیتوں کی فلاح وبہبود کے لیے نائب وزیراعلیٰ اجیت پوار کے ذریعے لیے گیے فیصلے پراظہارِ تشکر کے طور پر جمعیۃ علماء ہند مہاراشٹر کی جانب سے نائب وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ وجیے گڑھ پر استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر ایک پروقار تقریب کا بھی انعقاد کی گیا جس میں این سی پی کے ریاستی صدر سنیل تٹکرے بھی موجود تھے۔
واضح رہے کہ اقلیتی طبقات کے مسائل سے متعلق اجیت پوار کی قیادت میں جمعیۃ علماء ہند کے وفد کی ایک میٹنگ 31/اگست کو منعقد ہوئی تھی، جس کے بعد نائب وزیراعلیٰ کی ہی ہدایت پر21/ستمبر کو متعلقہ محکمہ جات کے سکریٹریز کی بھی ایک میٹنگ ہوئی تھی۔ اس میٹنگ میں نائب وزیراعلیٰ اجیت پوار نے مولانا آزاد مالیاتی ترقیاتی کارپوریشن کے شیئرکیپٹل کو700کروڑ روپئے سے بڑھاکر 1000/کروڑ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کارپوریشن سے قرض کی ضمانت 50کروڑ روپئے سے بڑھاکر 500کروڑ روپئے کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس کے علاوہ وقف بورڈ سے متعلق ایک کمیٹی بھی تشکیل دی گئی۔اس میٹنگ میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ اقلیتوں سے متعلق دیگر مسائل کے حل کے لیے جنوری میں اجیت پوار کی موجودگی میں مزید ایک میٹنگ منعقد گی جائے گی۔
اس موقع پر این سی پی کے ریاستی صدر سنیل تٹکرے نے کہا کہ اجیت دادا پوار کی رہنمائی میں ہم تمام طبقات کو ساتھ لے کر کام کررہے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ ہم نے جوفیصلہ لیا ہے اسے آپ سب کی حمایت حاصل ہو اور ہمیں کام کرنے کی مزید طاقت ملے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے سیکولر نظریات کے ساتھ اجیت دادا کی رہنمائی میں کام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ این ڈی اے میں شامل ہونے کے بعد اس حکومت سے متعلق جو غلط فہمیاں پھیلائی جا رہی تھیں، وہ اجیت دادا پوار کے ذریعے حکومت کی جانب سے اقلیتی طبقات کے لیے گئے فیصلے کی وجہ سے دور ہو گئی ہیں۔اجیت پوار نے اس بات کی کوشش کی ہے کہ مسلم کمیونٹی کے طالب علموں کو بہتر تعلیمی سہولیات حاصل ہوں۔این سی پی کے ریاستی صدر نے کہا کہ اجیت پوار کی قیادت میں ایسے کئی فیصلے لیے گئے ہیں جو گزشتہ 50 سالوں میں نہیں لیے گئے۔ ہم نے جوفیصلہ لیا ہے اس سے متعلق غلط فہمی پیدا کی جارہی ہے۔ ہماری گزارش ہے کہ آپ علماء کرام کے ذریعے حکومت کے کام کاج سے متعلق عوام میں بیداری لائیں۔ اجیت دادا پوارنے اقلیتی طبقات کے تعلق سے جو فیصلہ لیا ہے سنیل تٹکرے نے اس کے لیے اجیت دادا پوار کا شکریہ بھی ادا کیا۔
ا س موقع پر جمعیۃ علماء ہند مہاراشٹر کے صدرمولاناحافظ ندیم صدیقی نے کہا کہ اقلیتی طبقات کے مسائل حل کرنے کے لیے اجیت پوار کے پاس سنجے کھوڈکے نے جو کوششیں کی ہیں، انہیں کسی طور نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔اس استقبالیہ پروگرام میں این سی پی کے ریاستی جنرل سکریٹری شیواجی گرجے، مفتی محمد روشن شاہ قاسمی، این سی پی یوتھ ونگ کے صدر سورج چوہان، ایم ایل اے انیکیت تٹکرے، ایم ایل اے امول مٹکری، این سی پی کے ریاستی نائب صدر سنجے کھوڈکے، ریاستی نائب صدر پرمود ہندوراؤ، ریاستی ترجمان امیش پاٹل وغیرہ سمیت جمعیۃ علماء ہند مہاراشٹر کے گیارہ اضلاع کے صدور شریک تھے۔