ترویندر سنگھ مارواہ کے بیان پر مودی، شاہ اور بی جے پی کو اپنی پوزیشن واضح کرنی چاہیے؍راہل گاندھی کے تحفظ کی تمام ذمہ داری مرکزی حکومت پر عائد ہوتی ہے
ممبئی: دہلی بی جے پی لیڈر اور سابق ایم ایل اے ترویندر سنگھ مارواہ نے لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کو جان سے مارنے کی دھمکی دی ہے جو کہ نہایت سنگین معاملہ ہے۔ مارواہ کا بیان بھارتیہ جنتا پارٹی کا اصل چہرہ ہے۔ بی جے پی کو گاندھی نام سے الرجی ہے، اسی لیے مودی سے لے کر دیگر سبھی لیڈران راہل گاندھی کو مسلسل بدنام کر رہے ہیں۔ اب بی جے پی نے تمام حدیں پار کر دی ہیں۔ اب راہل گاندھی کو سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کی طرح جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی ہے۔ بی جے پی اپنے سابق ایم ایل اے ترویندر سنگھ مارواہ کو لگام لگاتے اس کے خلاف سخت کارروئی کرے۔ اگر راہل گاندھی کے بال کو بھی دھکا پہنچا تو پھر اس کے ذمہ دار مودی و امت شاہ ہوں گے۔ یہ سخت انتباہ مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے نے دیا ہے۔اس سلسلے میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے نے کہا کہ بی جے پی کے سابق ایم ایل اے ترویندر سنگھ مارواہ کے ذریعے اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کو قتل کرنے کی دھمکی دی تھی انتہائی ناگوار اور اشتعال انگیز ہے۔ گاندھی خاندان نے ملک کے لیے تین قربانیاں دی ہیں۔ مہاتما گاندھی، اندرا گاندھی اور راجیو گاندھی نے ملک کے لیے اپنی جانیں دیں گاندھی خاندان کی جان اب بھی خطرے میں ہے پھر بھی راہل گاندھی اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر عام لوگوں سے گھل مل جاتے ہیں۔ نانا پٹولے نے کہا کہ ترویندر سنگھ مارواہ کو بی جے پی کی نفرت کی فیکٹری میں بنایا گیا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ کو اس پر اپنا کردار واضح کرنا چاہیے۔ نانا پٹولے نے یہ بھی کہا کہ اگر راہل گاندھی کی زندگی کو کچھ ہوتا ہے تو وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ پوری طرح ذمہ دار ہوں گے۔راہل گاندھی ایک ایسے لیڈر ہیں جو براہ راست بھارتیہ جنتا پارٹی اور نریندر مودی کا مقابلہ کرتے ہیں۔ راہل گاندھی حکمراں پارٹی کو جواب دینے کا کام کر رہے ہیں۔ لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کی جیت کے رتھ کو روکنے کا کام راہل گاندھی نے کیا ہے۔ بھلے ہی بی جے پی اور اس کے آئی ٹی سیل نے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی کو بدنام کرنے کے لیے کروڑوں روپے خرچ کیے لیکن اس کا راہل گاندھی پر کوئی اثر نہیں ہوا۔ راہل گاندھی کی مقبولیت نریندر مودی سے کہیں زیادہ ہے اور اسی وجہ سے بی جے پی راہل گاندھی کو بدنام کرنے کی مہم چلا رہی ہے۔ نانا پٹولے نے یہ بھی کہا کہ چونکہ راہل گاندھی خوفزدہ نہیں ہیں، اس لیے اب انہیں ختم کرنے کی بات ہو رہی ہے۔دریں اثنا جمعہ کو کانگریس نے ترویندر سنگھ مارواہ اور بی جے پی کے خلاف ریاست بھر میں احتجاج کرنے کا اعلان کیا ہے۔ کانگریس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی کو ملک دشمن طاقتوں نے مہاتما گاندھی، اندرا گاندھی اور راجیو گاندھی کی طرح قتل کرنے کی دھمکیاں دی ہیں، لیکن بی جے پی حکومت کوئی کارروائی نہیں کر رہی ہے جو یہ بہت سنگین اور افسوس ناک ہے۔ بی جے پی لیڈر ترویندر سنگھ مارواہ اور بی جے پی کے خلاف کانگریس جمعہ کو صبح 11 بجے ریاست گیر احتجاج کریں گے۔ کانگریس کے نائب صدر نانا گاونڈے کی اطلاع کے مطابق اس احتجاج کے دوران مارواہ کی گرفتاری کا مطالبہ کیا جائے گا۔