سخت مقابلہ میں ٹرامبے پولس اسٹیشن کی ٹیم کو شکست

0
2

نوراسک اسپورٹس کلب نے میچ کے آخری بال پر سنسنی خیز کامیابی حاصل کی

ممبئی: چیتا کیمپ میونسپل گراؤنڈ پر ٹینس کرکٹ کے دلچسپ مقابلے جاری ہیں۔ آج ٹورنامنٹ کے چوتھے روز ایک سنسنی خیز مقابلے میں نوراسک اسپورٹس کلب نے کے جی این الیون کو پچھاڑ کر چوتھے کوالیفائی مقابلہ میں میچ کی آخری گیند پر کامیابی حا صل کی۔ نوراسک نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ کے جی این نے اپنے مقررہ چار اوورس میں 31 رن بنائے۔ بلے باز اجنکیا نے تیز رفتاری سے 10 گیند میں 21 رن اسکور کئے جس میں دو چوکے شامل تھے۔ کے جی این نے اننگ کے آخری اوور میں 17 رن بٹور کر اپنی ٹیم کو مضبوطی فراہم کی۔ نوراسک نے اپنے ہدف کا تعاقب شروع کیا۔ ایک موقع ایسا بھی آیا کہ نوراسک کو جیت کے لئے آخری اوور میں 13 رن درکار تھے پھر آخری گیند پر دو رنوں کی ضرورت تھی، اس موقع پر گراؤنڈ میں خاموشی طاری تھی مگر نوراسک کے بلے باز برکت نے کمال جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے گیند کو اسکوائر لیگ کی جانب کھیل کر دو رن مکمل کئے اور اپنی ٹیم کے لئے با برکت ثابت ہوئے۔
قبل ازیں ٹرامبے پولیس اسٹیشن کی ٹیم نے بھی یہاں ایم بی بوائز سے ایک سخت مقابلہ کیا۔ ایم بی بوائز نے ٹاس جیت کر ٹرامبے پولیس کو بلے بازی کی دعوت دی۔ ٹرامبے پولیس نے بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 اوورس میں 43 رن اسکور کئے۔ پاٹل نے 6 گیند پر 9 رن اور چاٹے نے7 گیند پر 13 رن بنائے۔ ایم بی بوائز کے گیند باز لیاقت نے اپنے دو اوور میں 8 رن دے کر دو وکٹ حاصل کئے اور حسین نے پانچ رن دے کر پولیس ٹیم کے دو کھلاڑیوں کو پویلین لوٹنے پر مجبور کیا۔ جواب میں ٹرامبے پولیس کی بالنگ کارگر ثابت نہیں ہوئی حالانکہ کرائم پی آئی فرید خان نے اپنی نپی تلی بالنگ کے ذریعے ایم بی بوائز کے بلے بازوں کو زیر کرنے کی بھرپور کوشش کی۔ انہوں نے ایک وکٹ بھی حاصل کیا۔ اے پی آئی مالونکر نے بالنگ کے جوہر دکھاتے ہوئے ایک وکٹ لی لیکن ایم بی بوائز کے بلے باز عرفات نے 6 گیند پر 11 رن اور نعیم نے 6 بال پر 10 رن بنا کر میچ کے پانچویں اوور میں ہی اپنی ٹیم کو فتح سے ہم کنار کیا۔ آج تعطیل ہونے کے سبب چیتا کیمپ میونسپل گراؤنڈ پر ناظرین بھرپور تعداد میں موجود تھے اور میچوں سے لطف اندوز ہوتے تھے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here