بھیونڈی :آج ہمارا معاشرہ بظاہر خوبصورت چمکتا دھمکتا تو نظر آرہا ہے مگر یہ اندر سے بداخلاقی بے راہ روی، بےحیائی، آوارہ گردی، جھوٹ فراڈ، زنا، چوری حسد بغض بد دیانتی،والدین کی نافرمانی وغیرہ جیسی معاشرتی بیماریوں میں مبتلا زوال کے آخری کونے تک پہنچ چکا ہے، ہماری نوجوان نسل تباہ و برباد ہو چکی ہے اور ہمارا مستقبل ہم سب کے لئے سوالیہ نشان بن چکا ہے۔ یہ باتیں دار العلوم دیوبند کے مبلغ حضرت مولانا محمد یامین قاسمی صاحب نےجمعیۃ علماء کے زیر اہتمام نور مسجد کامپلیکس غیبی نگر بھیونڈی میں منعقدہ جلسہ سیرۃ النبی ﷺ اوراصلاح معاشرہ سے خطاب کرتے بیان کیں ۔ مولانا مو صوف نے اپنے تفصیلی خطاب میں فر مایا کہ ہمارا معاشرہ دن بدن اخلاقی پستی کی طرف جا رہا ہے اور ہماری نوجوان نسل اخلاقیات سے عاری ہوتی جا رہی ہے جو کہ درد دل رکھنے والوں کے لیے لمحہ فکریہ ہے، لیکن ان سب خرابیوں کے باوجود مایوس ہونے کی قطعی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ آج بھی اگر ہم قرآن وسنت کا دامن تھام لیں، اسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہوں اور اپنے اسلاف کی شان دار اخلاقی روایات پر چلیں تو اس اخلاقی زوال سے بچا جا سکتا ہے۔اس موقع پر جمعیۃ علماء مہا راشٹر کے ناظم تنظیم مفتی سید محمد حذیفہ قاسمی صاحب نے اجلاس خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ اسلامی عقیدے کے مطابق ہر شخص کو موت کے بعد زندہ ہو کر اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں اپنے اعمال کا حساب دینا ہے، جس کے نتیجے میں وہ جہنم یا جنت (کی صورت میں سزا و جزا) سے ہمکنار ہو گا۔ اس زندگی کا نام آخرت یا اخروی زندگی ہے اور اس زندگی پر ایمان لانے کا نام ایمان بالآخرت ہے۔مولانا محمد ذاکر صاحب قاسمی (جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء مہاراشٹر) نے جمعیۃ علماء ہند کی شاندار تاریخ اور کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے فر مایا کہ مسلمانوں میں دن بدن تیزی کے ساتھ بڑھتی سماجی و اخلاقی برائیوں کے سد باب اور مسلم نو جوانوں کو بے رواہ روی سے بچانے کے لئے جمعیۃ علماء پوری ریاست میں جلسہائے اصلاح معاشرہ اور سیرۃ النبی ﷺ منعقد کر رہی ہےاور یہ تمام پروگرام صوبائی صدر محترم مولانا حافظ محمد ندیم صدیقی صاحب ( صدر جمعیۃ علماء مہا راشٹر ) کی ہدایت و رہنمائی کے مطابق منعقد ہو رہے ہیں جس کے کافی بہتر اثرات نظر آرہے ہیں۔اجلاس کا آغاز قاری عبد الرحمن صاحب کی تلاوت کلام پاک سے ہوا ،مولانا محمد ساجد قاسمی صاحب نعتیہ کلام پیش کیا ،مفتی محمد آزاد قاسمی صاحب ( جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء شمال مغربی زون ممبئی ) نے فرمایا کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی بعثت سے جہاں شرک وکفرکا خاتمہ ہوا اور دیگر تمام باطل رسموں کی اصلاح ہوئی،وہیں یتیموں کے مال اور عورتوں کے حقوق ومیراث کے سلسلے میں بھی تفصیلی احکامات نازل ہوئےاور مردوں کےساتھ عورتوں کو بھی میراث دینا ضروری قرار دیا گیا انہیں وراثت سے محروم کرنے پر سخت وعیدیں سنائی گئیں ۔ مولانا محمد نعیم قاسمی صاحب نے نظامت کا فریضہ انجام دیا ۔ اس اجلاس میں مفتی اظہار صاحب ( نائب صدر جمعیۃ علماء بھیونڈی ) مولانا محمد ارشد ندوی صاحب ،مولانا مستقیم قاسمی صاحب ( نائب صدر جمعیۃ علماء ضلع تھانہ ) مولانا جعفر قاسمی صاحب ،مولانا محمد مرتضی مدنی صاحب ،مولانا عمر عرفان قاسمی صاحب سمیت شہر کے علماء کرام ،ائمہ مساجد اور کارکنان جمعیۃ بڑی تعداد میں شریک تھے، حاجی ابو ہریرہ صاحب اور ان کے صاحبزادگان نے اجلاس کو کامیاب بنانے میں اہم رول ادا کیا ۔