بھیونڈی ( شارف انصاری):- رئیس ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کے پرنسپل ضیاء الرحمٰن انصاری کی تصنیف کردہ کتاب ” معارف کیمیا”کی تقریب اجراء کے ایم ای سوسائٹی کے صدر الماز فقیہ کی صدارت میں بتاریخ 26 جون 2024کوآڈیو ویجول روم میں منعقد ہوئی۔تقریب میں سوسائٹی کے نا ئب صدر ایڈوکیٹ یاسین مومن، اعزازی جنرل سکریٹری دانیال قاضی، پیٹرن ممبر عبدالباسط پٹیل،سابق صدر طلحہ فقیہ، رئیس ہائی اسکول کے چیئرمین یاسر تاتلی، اکیڈمک کونسل کے چیئرمین زبیر نرول، سابق چیئرمین شفیع مقری، اسما عیل بوبڑے، عرفان بڑڈی اور پٹھان عرفات نے شرکت کی۔جنابِ صدر نے اس موقع پر پرنسپل ضیاء الرحمن انصاری کی منتظما نہ صلاحیتوں کے اعتراف کے ساتھ ساتھ ان کی تخلیقی ظفرمندیوں کو بھی سراہااور اس عزم کا اظہارکیا کہ ان کی رہنمائی میں ادارہ نئی نئی منزلیں سر کرے گا۔واضح ہو کہ معارف کیمیا پرنسپل ضیاء الرحمٰن انصاری کی بارہویں تصنیف ہے۔ یہ کتاب مہاراشٹر بورڈ کے نئے نصاب کے مطابق بارہویں جماعت کے سائنس کے طلباء کے لیے لکھی گئی ہے۔تقریب میں موجود سبھی مہمانان نے بارہویں سائنس کے طلباء کے لیے کیمسٹری جیسے مضمون پر اردو میں لکھی گئی کتاب کے اجراء پر پرنسپل ضیاء الرحمن انصاری کو مبارکباد پیش کی اور کتاب کو طلبہ کے لیے کارآمد بتایا۔صاحب کتاب ضیاء الرحمٰن انصاری نے تقریب میں شامل مہمانان، اساتذہ اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔نظامت کا فریضہ رئیس ہائی اسکول کے اسسٹنٹ ہیڈ ماسٹر مخلص مدعو نے انجام دیا۔ وائس پرنسپل عامر صدیقی کے رسم شکریہ کے ساتھ پروگرام اختتام ہوا۔