ممبئی::ملک کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچانے اور ملکی معیشت کو خطرے میں ڈالنے والا اڈانی گروپ ماریشس اور کیریبائی ممالک میں واقع اپنی فرضی کمپنیوں کو نیشنل اسٹاک ایکسچینج(این ایس ای) میں رجسٹر کروا کر قانونی طور پر ملک کولوٹنے کا لائسنس حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔اس کے خلاف ممبئی کانگریس کے صدر بھائی جگتاپ اور کا رگزار صدر چرن سنگھ سپرا کی قیادت میں ممبئی کانگریس کے ورکروں نے آج ممبئی کے باندرہ کرلا کمپلیکس میں واقع نیشنل اسٹاک ایکسچینج (این ایس ای) کے دفتر کے سامنے احتجاج کیا۔ ممبئی کانگریس کے ضلع صدر حکم راج مہتا، ممبئی کانگریس کے تمام عہدیداروں اور کارکنوں نے بھائی جگتاپ اور چرن سنگھ سپرا کے ساتھ اس احتجاج میں حصہ لیا۔ بعد ازاں تمام مظاہرین کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔