میونسپل کمشنر کے کانگریس قائدین سے ملنے سے انکار پر کمشنر دفتر کے باہر احتجاج

0
12

بھیونڈی ( شارف انصاری):- ان دنوں بھیونڈی میونسپل کارپوریشن کے ایڈمنسٹریٹر اور کمشنر اجے ویدیا اور کانگریس لیڈروں کے درمیان ٹھن گئی ہے۔ کانگریس قائدین شہر کے مسائل کو لے کر میونسپل کارپوریشن کمشنر سے ملنے پہنچے تھے جہاں کمشنر کے انکار سے ناراض کانگریسی کمشنر دفتر کے باہر دھرنا پر بیٹھ گئے اور اس ہنگامہ آرائی کی وجہ سے میونسپل کارپوریشن کمشنر ان لوگوں سے ملنے پر مجبور ہوگئے ۔کانگریس کے سینئر لیڈر جاوید فاروقی نے کہا کہ جب سے میونسپل کارپوریشن کمشنر اجے ویدیا نے بھیونڈی کا چارج سنبھالا ہے، بھیونڈی شہر کی حالت بد سے بدتر ہوتی جارہی ہے۔ ہر محکمے میں کرپشن عروج پر ہے۔ جاوید فاروقی نے کہا کہ اگرچہ یہ وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کا ضلع ہے لیکن اس کی حالت لاوارث جیسی ہے۔ تمام جماعتوں کے قائدین میونسپل کارپوریشن کمشنر سے ناراض ہیں جو شکایتی خطوط دینے کے بعد نہ تو کوئی جواب دیتے ہیں اور نہ ہی کوئی کارروائی کرتے ہیں۔ بھیونڈی گڑھوں کا شہر بن گیا ہے، نالا صفائی کے دوران لوٹ مار مچی ہے، صفائی کرتے وقت لوٹ مار ہے، شہر میں کتوں کی دہشت ہے۔ جس کی وجہ سے ایک لڑکی کی موت ہو گئی اور ایک کارپوریٹر بری طرح زخمی ہو کر اپنی زندگی کی جنگ لڑ رہا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ میونسپل کمشنر کے پاس مکمل اختیار ہے اور وہ ایڈمنسٹریٹر ہیں۔ اب نہ کوئی میئر ہے، نہ کوئی اسٹینڈنگ اور نہ کوئی ڈویژن۔ ایسے میں کمشنر کام کرنے کے بجائے صرف اپنی مرضی کے مطابق بھیونڈی کو لوٹ رہے ہیں۔کانگریس کے سینئر لیڈر جاوید فاروقی نے کہا کہ انہوں نے مہاراشٹر حکومت کے پرنسپل سکریٹری کو ایک تحریری خط دیا ہے جس میں میونسپل کارپوریشن کمشنر کے خلاف شکایت کی گئی ہے جس کے بعد پرنسپل سکریٹری کی جانب سے کمشنر سے جواب طلب کرنے کے بعد کمشنر پوری طرح سے بوکھلاہٹ کا شکار ہو گئے ہیں۔ اسی لیے گزشتہ روز جب میں شہر کے مسائل کے حوالے سے ملنے گیا تو کمشنر نے ملنے سے انکار کر دیا۔ جس پر جاوید فاروقی ناراض ہو کر دھرنے پر بیٹھ گئے۔ اور کچھ ہی دیر میں کانگریس صدر عبدالرشید طاہر مومن اور دیگر عہدیداران میڈیا کے ساتھ وہاں پہنچ گئے جس کی وجہ سے کمشنر کو ملاقات کرنا پڑی۔ جس کے بعد جاوید فاروقی نے میونسپل کمشنر سے کہا کہ ہم اپنے لیے نہیں بلکہ شہر کے مسائل کے لیے ملنے آئے ہیں، آپ کو لیٹر دینے کے بعد بھی کوئی کارروائی نہیں کی جاتی۔ شہر میں گزشتہ 7 دنوں سے گندا پانی پینے کے لئے آرہا ہے لیکن آپ دفتر میں بیٹھ کر حکمرانی چلا رہے ہیں۔ آپ کا طرز عمل سرکاری ملازم کا نہیں بادشاہ جیسا ہے۔ جاوید فاروقی نے کہا کہ کمشنر کی شکایت کے حوالے سے ایک وفد جلد وزیراعلیٰ اور اپوزیشن لیڈر سے ملاقات کرے گا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here