مہایوتی حکومت پر بدعنوان اور غیر آئینی حکومت چلانے کا کانگریس کا الزام

0
8

مبینہ بدعنوان اور کمیشن خور مہایوتی حکومت کو اکھاڑ پھینکنے اور ایم وی اے کو اقتدار میں لا نے کی رمیش چنیتھلا کی اپیل ؍ایم وی اے کے اسمبلی میں۱۸۵؍ سے زائد سیٹوں کے ساتھ اقتدار میں آ نے کا دعویٰ

لاتور/ممبئی: مہایوتی حکومت ایک بدعنوان حکومت ہے اور اس غیر آئینی حکومت کے خلاف لوگوں میں شدید غصہ ہے۔ اس حکومت میں کاموں کے ٹھیکے دینے میں 50 فیصد کمیشن لیا جاتا ہے۔ کمیشن مانگنے والی اس حکومت کو اکھاڑ پھینکئے اور اسے اقتدار سے بے دخل کیجئے۔ کانگریس کے مہاراشٹر انچارج رمیش چننیتھلا نے کہا کہ مہا وکاس اگھاڑی کو لوک سبھا انتخابات میں اچھی کامیابی ملی ہے اور اب ہم اسمبلی انتخابات میں بھی بھرپور کامیابی حاصل کریں گے۔ریاست کے سینئر کانگریسی لیڈران بشمول رمیش چنیتھلا اسمبلی انتخابات کی تیاری کے لیے ہفتہ (۱۰ اگست) سے مراٹھواڑہ اور ودربھ کے دورے پر ہیں۔ یہ دورہ لاتور سے شروع ہوا۔ لاتور میں ان تمام لیڈروں نے لاتور شہر، لاتور دیہات، دھاراشیو اور بیڑ ضلع کانگریس کمیٹیوں کی میٹنگ کی اور اسمبلی انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ اس کے بعد لاتور میں مراٹھواڑہ کے نومنتخب ممبران پارلیمنٹ کی ایک پروقار تقریب اور کارکنوں کی میٹنگ کا اہتمام کیا گیا۔ رمیش چنیتھلا اس میٹنگ میں بول رہے تھے۔اس موقع پر کانگریس کے سینئر کے لیڈر بالاصاحب تھورات، اپوزیشن لیڈر وجے وڈیٹی وار، قانون ساز کونسل میں گروپ لیڈر ستیج بنٹی پاٹل، سابق وزیر اور ایم ایل اے امیت دیشمکھ، دلیپ راؤ دیشمکھ، لاتور کے ایم پی ڈاکٹر شیواجی راؤ کالگے، ناندیڑ کے ایم پی وسنت راؤ چوہان، جالنہ کے ایم پی ڈاکٹر کلیان کالے، ایم ایل اے دھیرج دیشمکھ، سابق وزیر مدھوکر چوہان، اقلیتی شعبہ کے ریاستی صدر وجاہت مرزا، ریاستی یوتھ کانگریس کے صدر کنال راؤت، ریاستی نائب صدر نانا گاونڈے، لاتور دیہی ضلع کانگریس کے صدر شریشیل اتگے، لاتور سٹی ڈسٹرکٹ کانگریس کے صدر کرن جادھو، دھاراشیو ضلع کانگریس کے صدر دھیرج پاٹل اور دیگر موجود تھے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ریاستی صدر نانا پٹولے نے کہا کہ مہایوتی حکومت بی جے پی اور آر ایس ایس کے کنٹرول میں ہے۔ ایکناتھ شندے صرف ایک مکھوٹا ہیں۔ مراٹھا ریزرویشن کے سوال پر وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے گلال پھینکا لیکن یہ اعلان نہیں کیا کہ انہوں نے یہ گلال کیوں پھینکا۔ ہم نہیں جانتے کہ جرانگے پاٹل اور ان کے درمیان کیا بات چیت ہوئی تھی۔ ان کا ایجنڈا حکومت کے تمام گناہوں کی ذمہ داری اپوزیشن کے سرمنڈھنا ہے۔ پٹولے نے کہا کہ جب ریاست اور مرکز میں بی جے پی کی حکومت تھی تو انہیں ریزرویشن دینے سے کس نے روکا؟ بی جے پی کا مقصد کسی بھی برادری کو ریزرویشن نہ دے کر برادریوں میں تنازعہ پیدا کرنا ہے۔ بی جے پی تقسیم کرو اور حکومت کرو کی برطانوی پالیسی کو اپنا رہی ہے۔ یہ فیصلہ عوام کو کرنا ہے کہ وہ ریاست میں منو وادی نظام چاہتے ہیں یا شاہو، پھلے، امبیڈکر کے نظریات کا مہاراشٹر چاہتے ہیں۔ کانگریس کے ریاستی صدر نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات میں مہایوتی مراٹھواڑہ میں صرف ایک سیٹ جیتنے میں کامیاب ہوئی لیکن اسمبلی انتخابات میں مہایوتی کو ایک بھی سیٹ نہیں ملے گی اور اس کا مراٹھواڑہ سے صفایا ہو جائے گا۔ ایم وی اے اسمبلی انتخابات میں 185 سے زیادہ سیٹیں جیتیں گے اور کانگریس ریاست کی سب سے بڑی پارٹی ہوگی۔ پٹولے نے کہا کہ ریاست میں کانگریس ایم وی اے حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد بلدیاتی انتخابات بھی کرائے جائیں گے۔کانگریس لیجسلیچر پارٹی کے لیڈر بالا صاحب تھورات نے کہا کہ کوئی کتنا ہی بڑا کیوں نہ ہو، عوام سے بڑا کوئی نہیں ہے۔ ناندیڑ کے عوام نے دکھا دیا ہے کہ کوئی کتنا بھی بڑا لیڈر کانگریس پارٹی چھوڑ دے تو اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کیونکہ عوام ہمارے ساتھ ہیں۔ مراٹھواڑہ نے لوک سبھا انتخابی نتائج میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ اب اسمبلی انتخابات میں بھی ایم وی اے مراٹھواڑہ میں زیادہ سے زیادہ سیٹیں جیتے گی۔ انہوں نے کہا کہ مہایوتی کو پیاری بہنوں سے پیار نہیں ہے، بلکہ وہ صرف اقتدار سے پیار کرتی ہے اور اسے حاصل کرنے کے لیے جدوجہد جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب ہمیں ایسی حکومت لانی ہے جو کسانوں اور مزدوروں کے مسائل کے علاوہ مہنگائی اور بے روزگاری کو دور کر سکےاس موقع پر اپوزیشن لیڈر وجے وڈیٹی وار نے کہا کہ ریاست میں خواتین غیر محفوظ ہیں۔ 15 ہزار لڑکیاں اور خواتین لاپتہ ہیں اور مہایوتی حکومت ووٹ حاصل کرنے کے لیے نئی اسکیمیں لا کر عوام کو گمراہ کر رہی ہے۔ ایسی حکومت سے بچو جو خواتین کو 1500 روپے دے گی اور ان کی جیبوں سے 3000 روپے کاٹ لے گی۔ کانگریس کی حکومت کے دوران مہاراشٹر ہر میدان میں آگے تھا، لیکن اب مہایوتی کی حکومت کے دوران مہاراشٹر پیچھے رہ گیا ہے اور گجرات آگے نکل گیا ہے۔ ریاست میں مہایوتی حکومت ڈاکوؤں کا ایک گروہ ہے۔ سرکاری خزانے کی چابیاں کرپٹ لوگوں کے ہاتھ میں ہیں۔ وڈیٹی وار نے عوام سے خزانہ صاف کرنے والی حکومت کو بے دخل کرنے اور اسمبلی میں کانگریس کا جھنڈا لہرانے کی اپیل کی۔اس موقع پر قانون ساز کونسل میں کانگریس پارٹی کے گروپ لیڈر ستیج بنٹی پاٹل، سابق وزیر امیت دیشمکھ، دلیپ راؤ دیشمکھ اور دھیرج دیشمکھ نے بھی خطاب کیا۔ قبل ازیں مہاراشٹر کے انچارج رمیش چنیتھلا کی صدارت میں اور ریاستی صدر نانا پٹولے کی موجودگی میں مراٹھواڑہ میں محکمہ اقلیتی قائدین اور عہدیداروں کی ایک کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here