ملک پر اپنا گھربار نچھاور کرنے والے نہروگاندھی خاندان کے فرد کو بے گھر کرنے کی کوشش: ناناپٹولے

0
2

ممبئی:ملک اور ریاست میں جاری بی جے پی کی آمرانہ حکمرانی میں اپوزیشن کی آواز کو دبانے کی بڑے پیمانے پر کوششیں ہورہی ہیں۔ بی جے پی ذات پات اور مذہب کی سیاست کی بنیاد پر اپنا الوسیدھا کررہی ہے۔ بی جے پی کے منووادی نظام نے کسانوں، غریبوں اور چھوٹے کاروباریوں کو تباہ کردیا ہے۔ یہی لوگ ملک میں جمہوریت وآئین کو ختم کررہے ہیں اور انہیں کی سازشوں سے راہل گاندھی کی لوک سبھا کی رکنیت ختم ہوئی ہے۔ جمہوریت وآئین کو بچانے کے لیے بی جے پی کی فرقہ پرستانہ سیاست کو جڑسے اکھاڑ پھینکنا ہوگا۔ یہ باتیں مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ناناپٹولے نے کہیں مں۔ وہ یہاں آزاد میدان میں ریاستی کانگریس کمیٹی کے ایس سی، ایس ٹی، او بی سی، آدیواسی اور اقلیتی شعبے کی جانب سے کئے گئے احتجاج میں خطاب کررہے تھے۔مودی اڈانی گٹھ جوڑ کو بے نقاب کرنے کی وجہ سے راہل گاندھی کی لوک سبھاکی رکنیت کی منسوخ کیے جانے کے خلاف ریاستی کانگریس کے صدر ناناپٹولے کی قیادت میں آزادمیدان میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اس احتجاج میں آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے سکریٹری ونائب انچارج آشیش دووا، سونل پٹیل، اقلیتی شعبے کے ریاستی صدر ایم ایل اے وجاہت مرزا، ایس سی شعبہ کے ریاستی صدر سدھارتھ ہتی امبیرے، اوبی سی شعبے کے ریاستی صدر بھانوداس مالی، پلوی رینکے، ریاستی جنرل اسکریٹری پروفیسر پرکاش سوناؤنے، جو جو تھامس، نندکمار کمبھار سمیت دیگر عہدیداران وکارکنان بڑی تعداد میں شریک رہے۔اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے نانا پٹولے نے کہا کہ مودی اور اڈانی کا کیا رشتہ ہے؟ اڈانی کی کمپنی میں شیل کمپنیوں کے 20 ہزار کروڑ روپے کہاں سے آئے؟ ملکی اور غیر ملکی ٹھیکے صرف اڈانی کو دینے کی کیا وجہ ہے؟ راہل گاندھی نے یہی سوالات کئے اور اسی لیے بی جے پی حکومت نے راہل گاندھی کے خلاف کارروائی کی ہے۔ پٹولے نے کہا کہ نیرو مودی، للت مودی، گوتم اڈانی نے عوام کی محنت کی کمائی چوری کی ہے، ان چوروں کو اگر چور کہا جائے تو یہ جرم بن جاتا ہے؟ سچائی یہ ہے کہ نریندرمودی کی بدعنوانی پر پردہ ڈالنے کے لیے راہل گاندھی کو سزا سنائی گئی، لوک سبھا کی رکنیت منسوخ کی گئی اور سرکاری رہائش گاہ کو خالی کرنے کا حکم دے کر انہیں بے گھر کرنے کی کوشش ہورہی ہے۔ پٹولے نے کہا کہ جس نہروگاندھی خاندان نے ملک پر اپنے گھر بارتو کیا اپنی جانیں نچھاور کردیں، آج اسی نہروگاندھی خاندان کے فرد کو بے گھر کرنے کی کوشش ہورہی ہے۔ناناپٹولے نے کہا کہ ظالم وجابر انگریز راج کو کانگریس کی قیادت نے ہی ملک سے بھگا یا تھا۔ فی الوقت ملک میں انگریزوں جیسی ہی ظلم وجبر کی حکومت ہے، ان کے ہاتھوں سے ملک کو بچانے کی ذمہ داری کانگریس پارٹی پر ہے۔ناناپٹولے نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ مودی اڈانی کے بدعنوان اتحاد کوبے نقاب کریں،ملک کے لوگوں لوگوں کو یہ بات بتائیں کہ عوام کے پیسوں کو کس طرح لوٹا جارہا ہے۔ راہل گاندھی ملک کی عوام کو یہی باتیں بتارہے تھے جس کی وجہ سے بی جے پی حکومت سیاسی انتقام کے تحت ان کے خلاف کارروائی کی ہے۔ پٹولے نے یہ بھی کہا کہ کانگریس پارٹی میں 39 سیل کے ذریعے سماج کے ہر طبقے کوجوڑتے ہوئے آمر، غریب، دلت، آدیواسی اور اقلیت مخالف بی جے پی کو اقتدار سے بے دخل کیاجائے گا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here