، ممبئی(مالونی): گزشتہ دنوں ملاڈ مالونی کے انبوز واڈی علاقے میں موسلا دھار بارش کے دوران میونسپل کارپوریشن، ممبئی کلکٹریٹ اور پولیس محکمہ کی مشترکہ کارروائی کے ذریعے سینکڑوں جھوپڑوں کو منہدم کرنے کے بعد آج مقامی رکن اسمبلی و ممبئی شہر کے سابق نگراں وزیر اسلم شیخ نے انبوز واڈی علاقے کا دورہ کرکے مقامی لوگوں سے حالات کا جائزہ لیا۔ واضح رہے کہ میونسپل کارپوریشن کے ذریعے کی گئی اس بے رحمانہ کارروائی کے خلاف اسلم شیخ نے ریاستی اسمبلی میں آواز اٹھاتے ہوئے خاطی افسران کو معطل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔متاثرین سے ملاقات کے دوران اسلم شیخ نے یقین دلایا کہ اس معاملے میں کسی کے ساتھ ناانصافی ہونے نہیں دی جائے گی اور خاطی افسران پر کارروائی کے لئے ہر ممکن کوششیں کی جا رہی ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ سرکاری دباؤ میں اگر افسران عدالتی حکم نامہ کی خلاف ورزی کرتے ہیں تو اُن پر یقیناً کارروائی ہوگی جبکہ ریاستی حکومت نے بھی برسات کے دوران انہدامی کارروائی کو ممنوع قرار دیا ہے، یہ سب کچھ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت کیا جا رہا ہے جس کی جانچ ہونا بہت ضروری ہے۔