بیڑ ،(قاضی مخدوم کی رپورٹ )بیڑ ضلع کے امنبا جوگائی تعلقہ کو اس بات کا اعزاز حاصل ہوا ہے کہ کسی غیر مسلم تاجر و بنکر کی جانب سے اسلامی بینکنگ نظام کے تحت بلا سودی طرز کیش کریڈٹ سوسائٹی الفلاح کا قیام عمل میں آیا ہے اس کے بانی وسرپرست امنبا جوگائی کے سابق صدر بلدیہ پاپا کشور مودی ہے جوکہ مراہٹواڑہ کی ایک بڑی شیڈولڈ بنک امنبا جوگائی پیپلس کوآپریٹو بنک کے بھی چیئرمین ہیں جس کی 16 شاخیں ہیں اور اس کا کا ڈپازٹ 500 کروڑ سے زائد ہے ،پاپا مودی کا نام ریاست مہاراشٹر میں ایک کامیاب بنکر کے طور لیا جاتا ہے ایسی شخصیت کی جانب سے غیر سودی اور شریعت کے رہنمائی کو سامنے رکھ کر الفلاح کا قیام جہاں اسلامی بنک نظام کی کامیابی ہے وہاں پاپا مودی کے حوصلہ کو بھی سراہا جارہا ہے ۔مذکورہ بنک کا افتتاح جماعت اسلامی بیڑ کے امیر مقامی و راحت بنک بیڑ کے چیئرمین سید شفیق ہاشمی کے ہاتھوں عمل میں آیا جبکہ اس پروگرام کے صدر جامعہ پپلہ کے مولانا افسر خان تھے مہمانان خصوصی میں صوفی حضرت احمد رضا ، روزنامہ تعمیر کے مدیر قاضی مخدوم ، سرکار ایکسپریس کے مدیر سراج آرزو راحت بنک کے وائس چیرمین شمس الدین فاروقی ، خالد قریشی سمیع الدین خطیب وغیرہ تھے ۔اس بنک کے قیام کے مقاصد بیان کرتے ہوۓ پاپا کشور مودی نے کہا کہ شہر میں بڑے پیمانے پر مسلم سماج ایسا ہے جو ایک لاکھ یا پچاس ہزار کے قرض میں اپنا کاروبار شروع کرسکتاہے اور کامیاب بھی رہتا ہے لیکن ان میں سے اکثریت سود کے قرض کو پسند نہیں کرتی اس لیے وہ بنکوں سے بھی دور رہتے ہیں لیکن میں نے دیکھا کہ غیر سودی طرز پر یا اسلامک بنک سسٹم کو لوگ پسند بھی کرتے ہیں اور قرض ادا بھی کرتے ہیں اس لیے میں نے اپنے مسلم دوستوں سے مشورہ کرکے بنک کا قیام عمل میں لایا ہو مجھے خوشی ہیکہ ابتداء ہی میں ہمیں چار ہزار شئر ہولڈر اور دس لاکھ کے قریب ڈپازٹس ملے ہیں ۔اس موقع پر پاپا مودی نے کہا کہ امنبا جوگائی برانچ کو اگر کامیابی ملتی ہے تو پھر ضلع اور علاقہ بھر میں اس غیر سودی نظام کی برانچیں قائم کی جائیگی ۔افتتاح کے پروگرام سے خطاب کرتے ہوۓ سید شفیق ہاشمی نے کہا کہ ملک میں مسلمانوں کی جانب سے ایک سو سے زائد غیر سودی بنک کا نظام جاری ہے اور جو کامیابی سے ترقی کررہا یے جن میں سہولت ، راحت ، جن سیوا وغیرہ شامل ہیں لیکن پاپا مودی پہلے ایسے غیر مسلم بھائی ہے جنہوں نے الفلاح کے ذریعہ اس نظام کو آگے بڑھایا ہے اور اس نیک کاز کا فائدہ انہیں ضرور حاصل ہوگا نیز امنبا جوگائی کی عوام بھی ان کے حوصلے میں اضافہ کرے گی ،صوفی صاحب نے پاپا مودی کو اور بنک کے استحکام کے لیۓ دعائیں کرتے ہوۓ کہا کہ پاپا مودی کی اسلام سے محبت انہیں ہدایت دے کر دونوں جہاں کے لیۓ کامیاب کرے گی ، روزنامہ تعمیر کے مدیر قاضی مخدوم نے کہا کہ پاپا مودی نے بنک قائم کرکے امنبا جوگائی کے مسلمانوں پر حجت قائم کردی ہیکہ وہ اب اسے مضبوط اور کامیاب بھی کریں نیز قرض لینے والے پابندی سے ادا بھی کریں مولانا افسر خان نے بھی بنک کے قیام پر مسرت کا اظہار کیا اور دعاوں سے نوازا اس موقع پر پانچ ضرورت مندوں میں قرض بھی تقسیم کئے گۓ۔ پروگرام سینکڑوں غیر مسلم بھی شریک تھے جو اس نظام کو قریب سے دیکھنے اور سمجھنے کے لیۓ حاضر تھے۔