غیراخلاقی طریقوں سے ریاست کا اقتدار حاصل کرنے کا گناہ بی جے پی نہیں چھپا نہیں سکتی: نانا پٹولے

0
0

ممبئی:۲۰۱۴ءسے بی جے پی حکومت ملک میں جمہوریت اور آئین کواپنے قدموں تلے روندتے ہوئے من مانے اور آمرانہ طریقے سے کام کر رہی ہے۔ بی جے پی نے ریاست میں شیوسینا اور این سی پی کو غیر اخلاقی اور غیر آئینی طریقوں سے توڑ کر اقتدار حاصل کرنے کا گناہ کیا ہے۔ مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے نے بی جے پی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک ڈھابے پر صحافیوں کی ضیافت کرکے غیر اخلاقی طور پر اقتدار حاصل کرنے اور چلانے کے اپنے گناہ کوبی جے پی نہیں چھپا سکتی۔ ناگپور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے نے صحافیوں کی توہین کرنے پر بی جے پی کے ریاستی صدر چندر شیکھر باونکولے کی مذمت کی اور مطالبہ کیا کہ وہ ریاست کے صحافیوں سے معافی مانگیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بی جے پی کے پیٹ میں جو کچھ ہے وہ باونکولے کے ہونٹوں پر آگیا ہے۔ بی جے پی کی پالیسی یہ ہے کہ اقتدار میں آنے کے لیے غیر اخلاقی ذرائع کا استعمال کیا جائے اور اقتدار میں آنے کے بعد بدعنوانی کے ذریعے پیسہ کمایا جائے اور اسی پیسے کو غیر اخلاقی طریقوں سے دوبارہ اقتدار میں آنے کے لیے استعمال کیا جائے۔پٹولے نے کہا کہ شیو سینا کے ممبران اسمبلی کو سورت اور گوہاٹی کے ہوٹلوں میں لے جا کر اورکروڑوں روپئے دے کر بی جے پی نے ریاست کی مہاوکاس اگھاڑی حکومت کو گرا دیا اور باغیوں کے ساتھ مل کر اقتدار حاصل کیا۔ غیر آئینی طریقے سے قائم ہونے والی یہ حکومت پچھلے ایک سال سے غیر اخلاقی کام کر رہی ہے۔ ہر طرف کرپشن کا راج ہے۔ جرائم کا گراف بڑھ گیا ہے۔ حکمراں پارٹی کے ایم ایل اے پولیس اسٹیشن کے احاطے میں فائرنگ کر رہے ہیں۔ ایم ایل اے کے بیٹے کاروباریوں کو اغوا کر کے تاوان کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ ریاست میں فرقہ وارانہ فسادات برپا کیے جا رہے ہیں۔ جمہوریت کے چوتھے ستون میڈیا اور صحافی حکومت کے ان گناہوں کو عوام کے سامنے پیش کرتے ہیں۔ صحافیوں نے اس حکومت کا اصل چہرہ عوام کے سامنے بے نقاب کر دیا ہے۔ اس حکومت نے لوک شاہی نیوز چینل کا ٹیلی کاسٹ روک دیا جس نے بی جے پی لیڈر کے ننگے پن کو عوام کے سامنے لایا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here