ممبئی: جماعت اسلامی ہند ممبئی میٹرو نے عید الفطر کی مناسبت سے برادرانِ وطن اور ملّی برادران میں باہمی اُلفت و قربت کے تئیں عید ملن کی تقریب کا انعقاد کیا۔گیٹ ٹوگیدر کا آغاز قرآنِ مجید کی تلاوت و ترجمانی سے ہوا، پھر عبد الحسیب بھا ٹکر(ناظم شہر، جماعت اسلامی ہند ممبئی میٹرو) نے جماعت اسلامی ہند کا تعارف اور پروگرام کے اغراض و مقاصد پیش کیے۔ شہر کی معروف نامی گرامی شخصیات نے اس اہم نشست میں شرکت کی۔ اس گیٹ ٹوگیدر کا خاص مقصد عید کا پیغامِ انسانیت و محبت تمام تک پہنچانا تھا۔ آپسی بھائی چارہ ، سماج کو بہتر بنانے کی خاطر مل جل کر کیے جانے والے کاموں کو منضبط طریقے سے کیے جانے پر بات ہوئی۔ مہمانِ خصوصی کے طور پر تشریف لائے نائب امیر جماعت اسلامی ہند سلیم انجینئر نے کہا کہ یہ ملک ہم سب کا ہے اور اس ملک کی بہتر تعمیر میں ہر بھارتی کو نمایاں رول انجام دینا ہے ۔ اسی طرح پیار، مُحبت اور یگانگت سے دلوں کی دوریوں کو مٹا کر اُلفت و ایثار کے پیغام کو عام کرنا ہے۔دیگر شرکا نے اپنی گفتگو کے دوران تعمیری سرگرمیوں کی انجام دہی اور طریقہ کار پر بات کی۔شرکا میں جسٹس ابھے ٹھپسے،ڈاکٹر آصف شیخ (سابق ریاستی وزیر ) ایران کنسولیٹ ایران کلچرہاؤس، سرجیت سنگھ لونگیا ، مولانا محمود دریابادی، ڈاکٹر وویک کورڈے ،انیل گلگلی، پونم تائی نرنکاری ،مولانا اشفاق قاضی،جسٹس شفیق پرکار، اسٹینلے، فادر مائیکل، ڈاکٹر روی کمار سٹیفن بشپ ،ڈاکٹر سائرس دستور، فیروز میٹھی بوروالا،فہد احمد، ڈاکٹر سریندر کور،عامر ادریسی، شبّیر بھوپالوالا،سچن کامبلے ،باباستیانامداس،ڈاکٹر انیل چترویدی، ڈاکٹر ہومی ڈھلا،سندھیا مہاترے ،ڈاکٹر الكانائیک، فادر فریزر مسکارانهاس، مولانا فیاض باقر ، مبارک کاپڑی ،سرفراز آرزو ،ایڈوکیٹ فرحانہ،ڈاکٹر گریش کٹاریہ، وشواس اُٹگی ،وغیرہ موجود تھے ۔ تقریب میں کم و بیش ۴۰۰؍افراد نے شرکت کی۔ جماعت اسلامی ہند ممبئی میٹرو کی اس عید ملن کی سرگرمی کو شرکت فرمانے والے تمام ہی دانشوران و عمائدین شہر نے خوب سراہا۔ یقین دہانی کارروائی کہ جب جب اس قسم کی سرگرمیاں منعقد کی جاتی رہےگی ،ہم تمام لازمی طور پر اُس میں شرکت کریں گے۔شاکر شیخ ( سیکریٹری جماعت اسلامی ہند ممبئی میٹرو) نے نظامت اور اظہارِ تشکر پیش کیا۔