عابد عثمان غنی مومن کی مرتبہ کتاب ’معمارانِ بھیونڈی (اول)‘کی رسم اجراء

0
7

بھیونڈی ( شارف انصاری):- اتوار 28 جولائی 2028 کو کوکن مسلم ایجوکیشن سوسائٹیز غلام محمد مومن ویمنز کالج آڈیٹوریم میں شہر بھیونڈی کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کرنے والی دو معروف شخصیات مرحوم مصطفیٰ فقیہ اور مرحوم غلام محمد مومن کی خدمات کے اعتراف میں مومن عابد عثمان غنی کے ذریعے مرتب کردہ کتاب “معمارانِ بھیونڈی (اول)” کا اجراء عمل میں آیا۔ جلسہ کا انعقاد ادبی کارواں اور مومن ویلفئیر سوسائٹی (مومن جماعت خانہ) کے اشتراک سے ہوا جس کی صدارت کے ایم ای سوسائٹی کے صدر محترم الماز فقیہ صاحب نے کی۔ خطبہ صدارت میں آپ نے مومن عابد کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی ضروری ہے کہ آئندہ نسلوں کے لیے ہم اپنے اسلاف اور اکابرین کی خدمات کو دستاویزی شکل میں محفوظ کرلیں۔ عابد مومن نے یہ کارنامہ انجام دے کر دوسروں کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ کتاب کا اجراء مرحوم غلام محمد مومن کے بھائی محترم ایڈوکیٹ عرفان مومن کے ہاتھوں ہوا۔ اس موقع پر انھوں نے اپنے بڑے بھائی کو رقیق القلبی سے یاد کیا اور خراجِ عقیدت پیش کیا۔ پروگرام کا آغاز مومن صہیب سیماب انور کی تلاوت سے ہوا۔ مومن فہیم عبدالباری نے مہمانان کا استقبال کیا۔ کامریڈ عبدالجلیل انصاری، استاذالاساتذہ محمدرفیع انصاری، ادب نواز شخصیت ایڈوکیٹ یاسین مومن (نائب صدر کے ایم ای سوسائٹی)، معروف معالج ، ڈاکٹر اسرار غلام محمد مومن ، ایڈوکیٹ عبدالرشید طاہرمومن اور مدیر انقلاب شاہد لطیف نے کتاب کے مشمولات اور دونوں مرحومین کی شخصیت اور خدمات پر سیر حاصل گفتگو کی، کتاب کی ترتیب میں معاون مضمون نگاران و تزئین کاروں کی پذیرائی کے لیے مہمانان کے ہاتھوں میمینٹو پیش کیے گئے۔ جلسہ میں خصوصی طور پر مدعو بھیونڈی پارلیمانی حلقہ سے نو منتخبہ رکن پارلیمان محترم سریش مہاترے (بالیاماما) اور بھیونڈی مشرق کے ایم ایل اے محترم رئیس شیخ نے بھی حاضرین سے خطاب کیا، ذمہ داران اور صاحب کتاب کو مبارکباد دی۔ مہمانان اعزازی کے طور پر محترم دانیال قاضی، محترم روش دھورو، محترم فیضان اعظمی، ڈاکٹر عبدالسلام انصاری، محترم جلیس اعظمی، محترم باسط پٹیل، ڈاکٹر ابرار مومن، محترم شریف حسن مومن، محترم یوسف رمضان مومن، ڈاکٹر انیس مومن، محترم اسرار عبدالرحمن (کوئتا)، محترم ڈاکٹر ضمیر حسن مومن، پروفیسر وحیدہ حفیظ الرحمن مومن، محترم نثار مبین ماسٹر موجود رہے۔ شہر اور بیرون شہر سے عمائدین کی ایک بڑی تعداد نے جلسہ میں شرکت کی اور مرحومین کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ عبدالعزیز انصاری (کوآرڈنیٹر) نے شکریہ کا فریضہ انجام دیا۔ جلسہ کی کامیاب نظامت سیماب انور مومن نے کی۔ پروگرام کے کامیاب انعقاد میں ادبی کارواں اور مومن ویلفئیر سوسائٹی کے ذمہ داران سبحان سکندر انصاری(اعزازی سیکریٹری)، طفیل ذاکر حسین مومن(خازن) ، فیاض مومن، عبدالمجید انصاری، عمران مومن، وکیل انصاری، اشفاق مومن(چچا)، اشتیاق بارادری، مومن سہیل عطر والا، معظم مشتاق مومن، جلیس فہمی نے اپنا بھرپور تعاون دیا۔ بالخصوص جی ایم مومن ویمنز کالج کی پرنسپل تبسم شیخ صاحبہ اور ان کے مکمل اسٹاف و اراکین کا بھر پور تعاون حاصل رہا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here