نئی دہلی : حضرت مولانا عبدالرب اعظمی صدر جمعیۃ علماء یوپی و ناظم مدرسہ انوارالعلوم جہانا گنج طویل علالت کے بعد آج مالک حقیقی سے جاملے ۔ ان کی عمر ستر سال تھی۔ تاریخ پیدائش 11اکتوبر 1954ہے۔ دارالعلوم دیوبند سے آپ کی فراغت 1972بمطابق 1392ہجری میں ہوئی ۔ چالیس سالوں تک مدرسہ انوارالعلوم کے ناظم رہے۔بہت ہی متحرک و فعال شخصیت تھی۔
ان کی وفات حسرت آیات پر صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا محمود اسعد مدنی اور ناظم عمومی مولانا حکیم الدین قاسمی نے گہرے رنج وملال کا اظہار کیا ہے ۔ مولانا موصوف نیک نفس و شریف الطبع بزرگ اور عالم با عمل تھے ۔مولانا مرحوم بزرگانہ شفقت، خدا پرستی اور خدا ترسی کی مثال اور اپنے اکابر ومشائخ کی پاک زندگی کا نمونہ تھے ۔جمعیۃ علماء ہند اور اس کی تحریکات سے آپ کا واسطہ اور رابطہ گوشت اور پوست جیسا تھا ۔ہر وقت آپ کی خدمات جمعیۃ علماء ہند کے لیے حاضر تھیں ۔ حضرت مولانا متین الحق اسامہ کانپوریؒ کے وصال کے بعد آپ کو 4ستمبر 2021 جمعیۃ علماء اترپردیش کا صدر منتخب کیا گیا ۔قبل ازیں جمعیۃ علماء یوپی کے مختلف عہدوں پر رہ کر قابل قدر خدمات انجام دیں ۔اس کے علاوہ مشرقی یوپی میں مدرسہ انوارالعلوم کے ذریعہ نصف صدی تک ہزاروں تشنگان علوم کو بلاواسطہ فیض پہنچایا ، آپ نے ایک کریم النفس اور مشفق استاذ کی حیثیت سے اہل علم کی ایک کھیپ تیار کی ہے ، جو ان کے لیے صدقہ ٔ جاریہ ہے (ان شاءاللہ ) ۔ ان کی وفات اترپردیش کے لیے بالخصوص نقصان عظیم ہے ۔
اس موقع پر مولانا علیہ الرحمۃ کے متعلقین ، پسماندگان و احباب بالخصوص صاحبزدگان کے ساتھ ان کے اندوہ مفارقت میں مساوی شریک ہیں اور دعا گو ہیں کہ باری عز اسمہ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائےاورلواحقین کو صبر جمیل کی توفیق ارزانی فرمائے۔اس موقع پر جمعیۃ علماء ہند کے سبھی احباب و متعلقین اور ارباب مدارس سے گزارش ہے کہ مولانا مرحوم کے لیے ایصال ثواب اور دعائے مغفرت کا اہتمام کریں ۔