ممبئی: کانگریس لیڈر اور ایم پی راہل گاندھی نے کنیا کماری سے کشمیر تک ۴؍ہزار کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا۔ بھارت جوڑو یاترا کے ذریعے انہوں نے ملک کو متحد کیا ہے۔ اس تاریخی بھارت جوڑو یاترا کو ۷؍ستمبر ۲۰۲۳ء کو ایک سال مکمل ہو رہاہے۔اس موقع پر مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی ۷؍ ستمبر کو ریاست بھر کے تمام اضلاع میں بھارت جوڑو یاترا کا اہتمام کرکے اس کی پہلی سالگرہ منائے گی۔۷؍ستمبر کو دوپہرایک بجے تمام اضلاع میں بڑے بڑے لیڈر پریس کانفرنس کے ذریعے مرکز کی مودی حکومت کی لوٹ کو عوام کے سامنے بے نقاب کیا جائے گا۔ لوگوں کو بتایاجائے گا کہ۲۰۱۴ء میں ایل پی جی گیس کی قیمت ۴۵۰؍ روپے تھی جو گزشتہ۹؍ سالوں میں بڑھ کر۱۱۵۰؍ روپے تک پہنچ گئی۔ اس کے ساتھ ہی رکھشا بندھن کے موقع پر لوگوں کو گمراہ کرنے کے لیے ایل پی جی کی قیمت میں ۲۰۰؍ روپے کی کمی کی گئی۔ مودی سرکار کا یہ تاجرانہ رویہ عام آدمی کو لوٹنے والا ہے۔ مودی سرکار نے پہلے گیس کی قیمت میں ۷۰۰؍ روپے کا اضافہ کر کے عوام کی جیبوں کو لوٹا اور اب۲۰۰؍ روپے کم کر کے ریلیف دینے کا ڈرامہ کر رہی ہے۔ پریس کانفرنس کے بعد شام ۵؍سے۶؍ بجے تک پدایاترا اور پھر۶؍ سے۷؍ بجے تک جنرل میٹنگ ہوگی۔ اس پروگرام کے لیے کانگریس لیڈران کو ضلع وار ذمہ داریاں دی گئی ہیں۔ ناگپور میں کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے، ناندیڑ میں سابق وزیر اعلیٰ اشوک چوہان، احمد نگر میں قانون ساز پارٹی کے لیڈر بالاصاحب تھورات، اکولہ میں اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر وجے ودیٹی وار، پونے ضلع میں سابق وزیر اعلیٰ پرتھوی راج چوہان، تھانے میں ریاستی ورکنگ صدر عارف نسیم خان، ناسک میں کانگریس ورکنگ کمیٹی کے رکن اور ریاستی ورکنگ صدر چندرکانت ہنڈورے، کولہاپور میں قانون ساز کونسل کے گروپ لیڈر ستیج بنٹی پاٹل، اورنگ آباد میں ریاستی ورکنگ صدر بسواراج پاٹل، شولاپور میں ریاستی ورکنگ صدر اور ایم ایل اے پرنیتی شندے اور جلگاؤں میں ریاستی ورکنگ صدر کنال پاٹل پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مرکز اور ریاست کی بی جے پی حکومت کو بے نقاب کریں گے۔ اس کے بعد تمام اضلاع کے تاریخی مقامات سے بھارت جوڑو یاترا شروع کی جائے گی۔