بی جے پی کو اقتدار سے دور رکھنے کے لیے ہم خیال پارٹیاں متحد ہوکر کام کریں گی

0
2

سیٹوں کی تقسیم کا فیصلہ ایم وی اے کی میٹنگ میں میریٹ کی بنیاد پر ہوگا،اگرلاء اینڈآرڈر نہیں سنبھال سکتے ہیں تو فڈنویس وزیرداخلہ کا عہدہ چھوڑدیں: ناناپٹولے

ممبئی:پارلیمانی نشستوں کا جائزہ لیتے ہوئے اس بات پر بھی زور دیا جارہا ہے کہ ووٹوں کی تقسیم نہ ہو۔ ہماری یہ لڑائی ملک، آئین وجمہوریت کو بچانے کی ہے۔ سیٹوں کی تقسیم کا فیصلہ ایم وی اے کی میٹنگ میں میریٹ کی بنیاد پر ہوگا۔ہمارا اصل مقصد یہ ہے کہ بی جے پی کو اقتدار سے دور رکھنے کے لیے ہم تمام ہم خیال پارٹیوں کے ساتھ کام کریں گے۔ یہ باتیں مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ناناپٹولے نے کہی ہیں۔کانگریس کور کمیٹی کا اجلاس گروارے کلب ہاؤس ممبئی میں اختتام پذیر ہوا۔ میٹنگ کی صدارت ریاستی صدر نانا پٹولے نے کی جبکہ لیجسلیچر پارٹی کے لیڈر بالاصاحب تھورات، سابق وزیراعلیٰ سشیل کمار شندے، اشوک راؤ چوہان، پرتھوی راج چوہان، تلنگانہ کانگریس کے انچارج مانیک راؤ ٹھاکرے، ریاستی ورکنگ صدر اور سابق وزراء نسیم خان، بسوراج پاٹل، چندرکانت ہنڈورے اس میٹنگ میں موجود تھے۔اس میٹنگ کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نانا پٹولے نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے ہر لوک سبھا سیٹ کا بغور جائزہ لیا ہے۔ جب مہاوکاس اگھاڑی کی میٹنگ ہوگی تو اس وقت ہم تمام لوگ اس بات پر غور کریں گے کہ زیادہ سے زیادہ سیٹیو ں پر کس طرح کامیابی حاصل کریں۔ آئندہ ہفتے دیگر ہم خیال جماعتوں کے ساتھ بھی ہم بات کریں گے۔ کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارامیا 25 جون کو ایک پروگرام کے لیے سانگلی آ رہے ہیں، ان کے ساتھ بھی ایک میٹنگ کی جائے گی اور تفصیلی بات چیت کی جائے گی۔ انتخابات میں کسان، بے روزگاری اور مہنگائی جیسے اہم موضوعات ہوں گے۔ ملک کے ان سلگتے ہوئے مسائل پر ہم عوام کے درمیان جائیں گے اور بی جے پی حکومت کو بے نقاب کریں گے۔پٹولے نے کہا کہ ونچیت بہوجن اگھاڑی نے کانگریس کے پاس کوئی تجویز نہیں دی ہے، جب ان کی تجویز آئے گی تو ہم اس پر بات کریں گے۔ کانگریس پارٹی کا موقف ہے کہ ایم وی اے ایک ساتھ مل کر الیکشن لڑے۔ممبئی میں خواتین غیر محفوظ:ریاست میں لاء اینڈ آرڈر بری طرح بگڑچکا ہے۔فرقہ وارانہ فسادات ہو رہے ہیں، خواتین غیر محفوظ ہیں،منترالیہ کے قریب ہاسٹل میں ایک لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنا کر قتل کر دیا گیا،لوکل ٹرین میں ایک لڑکی کے ساتھ زیادتی کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ مہاراشٹر کی تاریخ میں پہلی بار اس حکومت نے وارکریوں کو ڈنڈے مار کر نہ صرف وارکری فرقہ کی توہین کی ہے بلکہ اس دیرینہ روایت میں رکاوٹ ڈالنے کا بھی گناہ کیا ہے۔ لیکن وزیر داخلہ جھوٹ بول رہے ہیں کہ وارکریوں پر کوئی حملہ نہیں ہوا۔لیکن انہیں یاد رکھنا چاہئے کہ جھوٹ بول کروہ اپنے گناہ نہیں چھپا سکتے۔پٹولے نے کہا کہ وزیر داخلہ فڈنویس چھ چھ اضلاع کے نگراں وزیر ہیں۔ حکومت میں کئی محکمے ہیں،اس لیے اگرفڈنویس وزارت داخلہ نہ سنبھال سکتے ہوں تو وہ یہ عہدہ چھوڑدیں۔
نام بدل کر نہرو کی خدمات کو مٹایا نہیں جا سکتا:یہ حیرت کی بات نہیں ہے کہ بی جے پی حکومت نے پنڈت جواہر لال نہرو کا نام بدل دیا۔ بی جے پی سردار ولبھ بھائی پٹیل کے نام پر ووٹ مانگتی ہے اور پھر اسٹیڈیم کا نام بدل کر مودی خود کا نام دیتے ہیں۔ پنڈت نہرو کی قیادت کی وجہ سے ہی ہندوستان نے تمام شعبوں میں ترقی کی۔اس لیے نہرو کا نام بدل کر ان کی اہمیت کو کم نہیں کیا جاسکتا۔ پٹولے نے کہا کہ اس ملک کی جدوجہد آزادی اور آزادی کے بعد اس ملک کی جدید ترقی میں نہرو نے جو گرانقدر تعاون دیا ہے اسے مٹایا نہیں جا سکتا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here