بی جے پی حکومت نے غریبوں کے منہ سے نوالہ چھین لیا ہے

0
2

جن سنواد یاترا آئین، جمہوریت اور ملک کو بچانے کی لڑائی ہے؍بی جے پی حکومت کی ناانصافی وآمریت پر مبنی طرز حکمرانی سے ہرشخص کو آگاہ کرائیں گے: نانا پٹولے

ممبئی:مرکز اور ریاست کی بی جے پی حکومت عوام و غریبوں کے مفاد میں نہیں ہے۔ کانگریس حکومت کے دوران راشن کی دکانوں پر گیہوں، چاول، دال، تیل، چینی دستیاب تھی، لیکن بی جے پی کی ریاست میں راشن پر اناج نہیں ملتا ہے۔ مرکزی حکومت کہہ رہی ہے کہ ملک میں کوئی غریب نہیں بچا ہے۔ مودی حکومت نے غریب خاندانوں کو اجولا گیس دے کرمٹی کا تیل دینا بند کردیا۔ اب حکومت کی منطق کے مطابق جس کے گھر میں گیس سلنڈر ہے وہ غریب نہیں ہے اور ایسے لوگوں کواس نے راشن کی دکانوں سے دال، تیل، چینی اور چاول دینا بند کر دیا ہے۔ مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے نے کہا ہے کہ بی جے پی حکومت نے راشن کا اناج بندکرکے غریبوں کے منہ سے نوالہ چھیننے کا گناہ کیا ہے۔ جن سمواد یاترا کے تحت کانگریس کے ریاستی صدر نے بھنڈارا ضلع کے لاکھنی قصبے میں پد یاترا میں حصہ لیا اور دوپہر میں ایک میٹنگ میں شرکت کی۔ اس کے بعد جھنڈا چوک، سیندوروافا سے جن سنواد یاترا کی شرعات کی۔ شام کوساکولی کے پرانی پنچایت سمیتی کے احاطے میں ایک جلسہ عام سے خطاب کیا۔اپنے خطاب کے دوران ناناپٹولے نے کہا کہ بی جے پی حکومت کسانوں، تاجروں اور غریبوں کی مخالف ہے۔ جب کسان کے کھیت میں دالیں اگائی جاتی ہیں تو دال کی کوئی قیمت نہیں ہوتی، جبکہ وہی دالیں اڈانی کے گودام میں 170 روپے فی کلو کے حساب سے جاتی ہیں۔ دکان سے کوئی بھی چیز خریدنے پر آپ کو جی ایس ٹی ادا کرنا پڑے گا۔ ریاست کی ہٹلرشاہی حکومت کسانوں کے بجلی کے بل ادا نہ کرنے پر کنکشن کاٹ دیتی ہے۔ کسانوں کو ابھی تک موسم گرما کے دھان کے پیسے نہیں ملے ہیں جبکہ آٹھ دن میں رقم کی ادائیگی کا قاعدہ ہے۔ناناپٹولے نے کہا کہ کھاد کی قیمتیں دوگنی کر دی گئیں۔ اس کے ساتھ ہی کھاد کے تھیلے 50 کلو کی بجائے 45 کلو گرام کر دیے گئے۔ اکاؤنٹ کو کو جوڑنے کے نام پر کسانوں کو پریشان کیا جا رہا ہے۔ کسانوں کے ساتھ اس حکومت کے ظالمانہ مذاق کا اندازہ اس سے لگایا جاسکتا ہے کہ اگرآپ کسان ہیں اور کاشتکاری کے لیے ٹریکٹر خریدنا چاہتے ہیں تو آپ کو اس پر 18 فیصد جی ایس ٹی ادا کرنا ہوگا اور اگر آپ کار خریدنا چاہتے ہیں تو آپ کو 12 فیصد جی ایس ٹی ادا کرنا ہوگا۔ بی جے پی حکومت کے آنے کے بعد سے ملک میں کسانوں اور گھریلو خواتین کے ساتھ نوجوانوں کی خودکشی میں اضافہ ہوا ہے۔ بی جے پی کی حکومت میں زندہ رہنا مشکل ہوگیا ہے اور موت سستی ہو گئی ہے۔ ہماری لوگوں سے اپیل ہے کہ خودکشی کا راستہ نہ اپنائیں، کانگریس آپ کے ساتھ ہے۔ ناناپٹولے نے کہا کہ جن سنواد یاترا کے ذریعے ہماری کوشش ہے کہ لوگوں کے دکھ، درد اور مسائل کو جانیں۔ جن سنواد یاترا کرسی کی لڑائی نہیں بلکہ جمہوریت، آئین اور ملک کو بچانے کی لڑائی ہے۔ ہم مل کر یہ جنگ لڑیں گے اور ملک، جمہوریت اور آئین کو بچائیں گے۔ کانگریس لیجسلیچر پارٹی لیڈر بالاصاحب تھورات کی قیادت میں جلگاؤں ضلع کے یاول تعلقہ میں جن سنواد یاترا جوش و خروش کے ساتھ نکلی۔ تھورات نے کھِرودا گاؤں میں بابائے قوم مہاتما گاندھی کی یاد کی یادگار پر خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ جن سنواد یاترا کو شمالی مہاراشٹر میں لوگوں کا زبردست رسپانس مل رہا ہے۔ مہاراشٹر قانون ساز کونسل میں کانگریس گروپ کے لیڈر ستیج بنٹی پاٹل نے کولہاپور ضلع کے شاہوواڈی تعلقہ کے سوپاترے سے پد یاترا کا آغاز کیا جس میں خواتین، نوجوانوں اور کسانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ بامبوڑے میں واقع رادھا کرشن منگل کے دفتر میں منعقدہ سنوادمیٹنگ میں لوگوں کی زبردست بھیڑ جمع ہوئی۔ سابق وزیر یشومتی ٹھاکر نے تیوسہ اسمبلی حلقہ میں جن سنواد یاترا کے دوران کسانوں اور کھیت مزدوروں سے بات چیت کی۔ اس یاترا میں کلاوتی بائی باندورکر بھی شامل ہوئیں۔ کانگریس کی جن سنواد یاترا کو ریاست بھر میں لوگوں کا زبردست رسپانس مل رہا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here