بھیونڈی ( شارف انصاری):- پاور لوم صنعت کے لئے ملک گیر شہریت کے حامل شہر بھیونڈی میں گذشتہ دنوں انصاری مومن جولاہا برادری کی 96 برس قبل قائم کردہ قدیم ترین سوسائٹی ” بھیونڈی ویورس کو آپریٹو سوسائٹی کی مجلس عاملہ کا انتخاب شیواجی چوک واقع سلکو ہاؤس میں بغیر کسی شور و شرابے کے اتفاق رائے سے عمل میں آیا۔ بھیونڈی ویورس کو آپریٹو سوسائٹی کی نئی مجلس عاملہ میں طفیل احمد ذاکر حسین مومن، جہانگیر طیب فوجدار، شکیل عبدالصمد انصاری، سہیل ایوب عطر والے، مشتاق حاجی یعقوب مومن، عبدالقیوم حاجی عثمان مومن، اننت شندے، نسیمہ الطاف مومن، یاسمین محمد رفیع انصاری اور سبحان سکندر انصاری سمیت دس اراکین کو باہمی اتفاق رائے سے منتخب ہوئے ہے۔واضح ہو کہ مذکورہ سوسائٹی کا قیام 5 مئی 1927 ء میں ہوا تھا اور یہ سوسائٹی بنیادی طور پر ہینڈ لوم اور پاور لوم بنگر برادری کی فلاح و بہبود کے مقصد سے اپنے قیام کے دن سے ہی سر گرم عمل رہی ہے۔ جس کے لیے ہر پانچ سال پر بنکر سماج کے مختلف طبقات سے اراکین پر مشتمل مجلس عاملہ کا انتخاب ہوتا ہے۔ 1927ء میں قائم کردہ یہ سوسائٹی جس کو بنکر سماج کے جن بزرگوں کی ٹھوس قیادت اور بھر پور نمائندگی ہمیشہ حاصل رہی اور جن کے نیک اور مفید مشوروں سے بنکر سماج کو برسوں فیض حاصل ہوتا رہا ہے۔ ان میں حاجی عبد الصمد حاجی لعل محمد مومن، رمضان نببو مومن، ضیاء احمد عبدالشکور سیٹھ ، غلام محمد مومن بی اے، یعقوب نوہر فوجدار، صدرالدین مدار بخش مومن، حافظ عبدالقدوس مومن، عبدالحئی ماسٹر، یونس ولی اللہ، غنی رحیم اللہ، ایوب پنجاب سیٹھ، کلو ذاکر حسین مومن، عبدالرؤف پنجابی سیٹھ ، عبد القادر جناب مبین ماسٹر، یوسف حسن مومن اور سکندر یونس انصاری وغیرہ کے نام نامی قابل صد احترام ہیں جن کی رہنمائی میں سوسائٹی ہینڈ لوم اور پاور لوم کے صنعت کے فروغ اور استحکام کے لیے ہمیشہ سرگرم عمل رہی تھی ۔ اہلیان بھیونڈی بطور خاص بنگر برادی کے لیے سنہرے دن ہوا کرتے تھے اور شہر میں خوشحالی کا دور دورہ تھا۔سوسائٹی کے اہم رکن سبحان سکندر انصاری نے بتایا کہ 96 برس قبل قائم کردہ اس سوسائٹی کو بنگر سماج کے بزرگوں کی ٹھوس قیادت اور بھر پور نمائندگی ہمیشہ حاصل رہی اور ان کے نیک اور مفید مشوروں سے بنکر سماج کو برسوں فیض حاصل ہوتا رہا ہے۔ ان کی رہنمائی میں سوسائٹی ہینڈ لوم اور پاور لوم کے صنعت کے فروغ اور استحکام کے لئے ہمیشہ سر گرم عمل رہی۔