بھیونڈی میں سماج وادی پارٹی کی ‘پریورتن سبھا’ میں عوام کا ہجوم

0
2

مسلم ریزرویشن کے لئے سائیکل ریلی نکالی جائے گی: ابو عاصم اعظمی،

بھیونڈی کے عوام بی جے پی کے خواب کو کبھی پورا نہیں ہونے دیں گے: رئیس شیخ

بھیونڈی ( شارف انصاری):- ریاست مہاراشٹر کے پاورلوم شہر بھیونڈی میں سماج وادی پارٹی کی جانب سے منعقد ‘پریورتن سبھا’ یعنی تبدیلی کا جلسہ میں اہلیان بھیونڈی نے ہزاروں کی تعداد میں شرکت کر کے بھیونڈی شہر سے پورے ملک میں فرقہ پرستوں کو تبدیلی کا ایک واضح پیغام دیا ہے اور ملک میں فرقہ پرست ذہنیت اور طاقتوں کے خلاف پوری مضبوطی کے ساتھ کھڑے ہونے کا عزم کیا ہے۔
سماج وادی پارٹی کی پریورتن سبھا کا آغاز کلیان بائی پاس فلورا ہوٹل سے ہوا اور سائی بابا بندر کے پاس پہنچنے پر سماج وادی پارٹی ممبئی و مہاراشٹر کے صدر ابو عاصم اعظمی اور بھیونڈی مشرق سے رکن اسمبلی رئیس شیخ کا پر تپاک استقبال کرتے ہوئے 300 کلو گرام وزنی 22 فٹ کا بہت بڑا ہار کرین کے ذریعے پیش کیا گیا۔ اس کے بعد لکڑا مارکٹ، کلیان روڈ، ویلکم ہوٹل، آنند ہوٹل، کلیان روڈ پر آس بی بی مسجد کے پاس، راجیو گاندھی چوک (کلیان ناکہ) پر کثیر تعداد میں پارٹی کارکنان اور اہلیان بھیونڈی نے شاندار طریقے سے استقبال کیا اور سماج وادی پارٹی زندہ باد، ابو عاصم اعظمی، رئیس شیخ، ملائم سنگھ یادو، اکھلیش یادو زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے۔ اس کے بعد مولانا آزاد روڈ پر آنند دیگھے چوک (کلیان ٹول ناکہ)، کچہری پاڑہ، سائی نگر، ذائقہ ہوٹل، تاج ہوٹل، اولیا مسجد، خان کمپاونڈ کے پاس، اشوک بھنڈاری کرایہ دکان، اپنا اسپتال، جونا کامپلیکس، پیرانی پاڑہ جنکشن، صلاح الدین اسکول، ستار میڈیکل، ندیا پار جنکشن اور کے جی این بیٹ پولیس اسٹیشن پر سماج وادی پارٹی کے کارکنان اور مقامی لوگوں نے اپنی اپنی عمارتوں سے پھول برساکر پرخلوص طریقے سے پارٹی صدر ابو عاصم اعظمی اور رکن اسمبلی رئیس شیخ کا استقبال کیا۔ خاص بات یہ ہے کہ کے جی این بیٹ پولیس اسٹیشن سے اسٹیج تک پہنچنے کے چند منٹ کے راستے کو قریب 15 سے 20 منٹ لگ گئے۔
سماج وادی پارٹی ممبئی و مہاراشٹر کے صدر ابو عاصم اعظمی نے حکومت مہاراشٹر پر سخت نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں مراٹھا ریزرویشن کے لئے سخت احتجاج کئے جا رہے ہیں جس کے مدنظر حکومت کی طرف سے آل پارٹی میٹنگ طلب کی گئی اور اس میٹنگ میں ایسی پارٹی کو بھی بلایا گیا جس کا ایک ایم ایل اے نہیں ہے لیکن اس پارٹی میٹنگ میں سماج وادی پارٹی کے اراکین اسمبلی کو نہیں بلایا گیا کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ ہم وہاں پر مسلم ریزرویشن کا مطالبہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ممبئی پولیس سے کہا کہ ہم ممبئی شہر میں 6 نومبر کو جے جے سے متنرالیہ تک مسلم ریزرویشن کے لئے سائیکل ریلی نکالیں گے لیکن پولیس نے کہا کہ ہم ریلی نکالنے کی اجازت نہیں دیں گے جبکہ یہیں پر سکل ہندو سماج کی ریلی نکلی لیکن اس وقت کسی نے کچھ نہیں کہا۔ انہوں نے مرکزی حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے پی ایف آئی پر اس لئے بین لگایا گیا چونکہ انہوں نے ملک میں اسلامی حکومت لانے کی بات کہی لیکن ہم روز سن رہے ہیں کہ بی جے پی اور آر ایس ایس کے لوگ ہندو راشٹر بنانے کی بات کر رہے ہیں لیکن اس پر کوئی کارروائی نہیں ہوتی۔ اس کے ساتھ ہی ابو عاصم اعظمی نے مظلوم فلسطینیوں کے لئے بھی دعا کی اور مسلمانوں سے اتحاد کی اپیل کرتے ہوئے رئیس شیخ کا ہر وقت ساتھ دینے کی بات کہی تاکہ بھیونڈی شہر کو ریاست کا ایک مثالی شہر بنایا جا سکے۔
سماج وادی پارٹی کے بھیونڈی مشرق سے رکن اسمبلی رئیس شیخ نے اہلیان بھیونڈی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آج پارٹی صدر ابو عاصم اعظمی کی قیادت میں ہم مہاراشٹر اسمبلی میں بھیونڈی کے عوام کے ہر مسئلے کو پوری شدت کے ساتھ اٹھا رہے ہیں چاہے وہ ٹورنٹ کا معاملہ ہو یا پھر بھیونڈی کی پاورلوم انڈسٹری کی فلاح و بہبود اور ترقی کا معاملہ ہو۔ آج عالم یہ ہے کہ مہاراشٹر اسمبلی میں سماج وادی پارٹی کی قیادت کو دیکھ کر گونگے بھی بول اٹھے ہیں اور ان کو یہ ڈر ہے کہ اگر ہم مہاراشٹر اسمبلی میں نہیں پہنچے اور نہیں بولے تو رئیس شیخ ان مسائل کو نہ صرف اٹھائے گا بلکہ اس مسئلے کو حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ یہ خواب دیکھ رہے ہیں کہ بھیونڈی میں بی جے پی کا ایم ایل اے لائیں گے۔ آج بھیونڈی کے عوام نے ان سب کو یہ پیغام دے دیا ہے کہ وہ ان کے اس خواب کو کبھی پورا نہیں ہونے دیں گے اور نہ صرف بھیونڈی شہر میں ایم ایل ایز سماج وادی پارٹی کے ہوں گے بلکہ میئر بھی سماج وادی پارٹی کا بنے گا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here