این سی پی کی جانب سے ’مہا- راشٹروادی‘ واٹس ایپ ہیلپ لائن کا قیام

0
18

ہر روز تقریباً۵۰؍ہزار مسائل کو حل کرنے کی صلاحیت رکھنے والا کال سینٹر قائم کیا جائے گا: اجیت پوار

ممبئی: ریاست میں ’مکھیہ منتری ماجھی لاڈکی بہین یوجنا‘ کو زبردست پذیرائی مل رہی ہے، خاص طور پر خواتین کی جانب سے نہایت جوش و خروش کے ساتھ اس کا استقبال کیا جا رہا ہے۔ اسی مقصد کے لیے این سی پی نے ’مہا – راشٹروادی‘ واٹس ایپ ہیلپ لائن کو شروع کر رہی ہے۔ اس کا مقصد ٹیکنالوجی کا استعمال کرکے عوام تک تیزی سے پہنچنا ہے۔ اس ہیلپ لائن کے ذریعے ریاست کی خواتین کے لیے ایک بڑی سہولت فراہم کی جائے گی۔ یہ بات این سی پی کے صدر اور نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے آج ایک پریس کانفرنس میں کہی۔نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے کہا کہ این سی پی کی جن سمّان یاترا کے دوران ہم 22 انتخابی حلقوں میں پہنچ چکے ہیں اور باقی حلقوں میں جانے کا منصوبہ ہے۔ اس یاترا کے دوران خاص طور پر خواتین سے ہمیں بھرپور حمایت ملی ہے جو بے مثال ہے۔ ’مکھیہ منتری ماجھی لاڈکی بہین‘، ’فری تین گیس سلنڈرز‘ اور ’کسانوں کے لیے مفت بجلی‘ جیسی اسکیموں کو بھی بڑے پیمانے پر پذیرائی ملی ہے۔ اجیت پوار نے کہا کہ ہم ’مہا – راشٹروادی واٹس ایپ ہیلپ لائن‘ کے ذریعے اس بات کو یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ تمام ضرورت مندوں کی بغیر کسی رکاوٹ کے مدد کی جاسکے۔ اس ہیلپ لائن کے لیے 9861717171 نمبر پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہت سی سرکاری اسکیمیں ہوتی ہیں جو عوام تک نہیں پہنچ پاتیں یا لوگوں کو ان کے بارے میں اطلاع نہیں ہوتی ہے۔ اسی لیے ہم یہ قدم اٹھا رہے ہیں۔اجیت پوار نے بتایا کہ واٹس ایپ نمبر پر ایک پیغام بھیج کر تین مختلف زبانوں میں رہنمائی یا شکایت درج کرائی جا سکتی ہے۔ ان لوگوں کے لیے جو ڈیجیٹل طور پر ماہر نہیں ہیں یا اس نمبر کا استعمال نہیں کر سکتے، ہمارے کارکن گھر جاکر مدد فراہم کریں گے۔ ہم ہر گھر پر ہیلپ لائن کا نمبر چسپاں کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں تاکہ ہر کسی کو ان کی ضرورت کی معلومات مل سکے۔
انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے بدعنوانی کی شکایت درج کرانے کی بھی سہولت فراہم کی جائے گی، جس سے شفافیت اور ذمہ داری کو یقینی بنایا جا سکے گا۔ نائب وزیر اعلیٰ کے دفتر میں ایک ڈیسک قائم کیا گیا ہے جہاں روزانہ شام کو ریاست سے آنے والی شکایات و ردعمل کا جائزہ لیا جائے گا۔ تمام شکایات کو کم از کم 24 گھنٹوں اور زیادہ سے زیادہ 48 گھنٹوں کے اندر حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے کہا کہ ہمیں اشتہارات کے بغیر بارہ دنوں میں تقریباً 60 ہزار مسائل موصول ہوئے ہیں جن میں سے 10 ہزار مسائل کا حل نکالا گیا ہے۔ باقی مسائل پر کام جاری ہے۔ میں اور ریاستی صدر سنیل تٹکڑے عوام سے براہ راست رابطے میں رہنے کے لیے پرعزم ہیں۔ اجیت پوار نے مزید کہا کہ اس اقدام کی کامیابی کے لیے کارکنوں کو ذمہ داری سونپی گئی ہے اور ہم ایک کال سینٹر قائم کرنے جا رہے ہیں جو روزانہ تقریباً 50 ہزار مسائل کو حل کرنے کی صلاحیت رکھے گا۔ ہمارا مقصد زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچنا ہے تاکہ ضرورت مندوں کو ان کے حقوق مل سکیں۔

اجیت پوار نے کہا کہ یہ اقدام فوراً کامیاب نہیں ہوگا اور کچھ نقصانات ہوسکتے ہیں۔ ’ ماجھی لاڈکی بہین یوجنا‘کے وقت بھی کچھ نقصانات سامنے آئے تھے۔ اسی طرح اس اقدام میں بھی کچھ تبدیلیاں کرنی پڑ سکتی ہیں۔ اجیت پوار نے واضح کیا کہ وہ کوئی بھی کام کرتے وقت ذات، مذہب کو مدنظر نہیں رکھتے بلکہ ہر قدم میں عوامی فائدے کو ہی اولین ترجیح دیتے ہیں۔ ہم اپنی تمام تر کوششوں کے ساتھ یقین دلاتے ہیں کہ ہر منصوبے کا فائدہ ضرورت مندوں تک پہنچے گا، یہی ہماری کوشش ہے اور ہم مستقبل میں بھی اسی عزم کے ساتھ کام کریں گے۔

اس پریس کانفرنس میں این سی پی کے ریاستی صدر سنیل تٹکڑے، پارٹی کے خزانچی شیواجی راؤ گرجے، خواتین ریاستی صدر روپالی چاکنکر، ایم ایل اے منوہر چندریکا پورے، ریاستی ترجمان آنند پرانجپے، سنجے تٹکڑے، ایم ایل اے راجیش وٹیکر، یوتھ ونگ کے ریاستی صدر سورج چوہان اور دیگر لیڈران موجود تھے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here